مناسب سمجھا تو طلبہ کو چین سے نکالنے میں لمحے کی تاخیر نہیں کریں گے، ظفر مرزا

مناسب سمجھا تو طلبہ کو چین سے نکالنے میں لمحے کی تاخیر نہیں کریں گے، ظفر مرزا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ مناسب سمجھا تو طلبا کو چین سے نکالنے میں ایک لمحہ کی تاخیر نہیں کریں گے۔ انہوں ںے یقین دلایا کہ چین میں مقیم پاکستانی طلبہ کو حکومت پاکستان، ہمارا سفارتخانہ اور چینی حکومت تنہا نہیں چھوڑے گی۔

کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 910 ہو گئی

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ یقین دہانی چین میں مقیم پاکستانی طلبہ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات چیت کرتے ہوئے کرائی۔ ان کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی تکالیف کا ہمیں احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ کئی دنوں سے سو نہیں سکا ہوں کیونکہ مجھے آپ لوگوں کی بڑی فکر ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے پاکستانی طلبہ کو بتایا کہ آج ہی ہم نے چین کے سفیر کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی ہے جس میں صورتحال کا ہر پہلو سے بغور جائزہ لیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے آپ کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی ہدایات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کے صوبہ ووہان میں مقیم طلبہ کے تمام مسائل پر بھی بات ہوئی ہے۔

کورونا وائرس: پاکستانی طالبعلم نے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول دی

ہم نیوز کے مطابق انہوں ںے پاکستانی طلبہ سے کہا کہ آپ کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی فلاح اور ملک کے وسیع ترمفاد میں فیصلہ کریں گے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے دعویٰ کیا کہ موجودہ صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جارہی ہے۔ پاکستانی طلبہ کو انہوں نے بتایا کہ فی الحال ہوبی میں چینی ضابطے کے تحت نہ کوئی شخص آسکتا ہے اور نہ ہی جا سکتا ہے۔

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے چین میں مزید 97 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد اب تک ہونے والے ہلاکتوں کی تعداد 910 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے تاہم دنیا بھر کے سائنسدان کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسن تیار کرنے میں دن رات مصروف ہیں۔

کورونا وائرس کے شکار98 فیصد مریض خود ٹھیک ہوسکتے ہیں، ظفر مرزا

ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 40 ہزار 649 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے چھ ہزار 494 افراد کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے جب کہ تین ہزار 548 افراد صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں