پاکستان کی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سابق کرکٹر وقار حسن انتقال کرگئے


لاہور: پاکستان کے لیے اولین ٹیسٹ میچ کھیلنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر وقار حسن انتقال کرگئے۔

وقار حسن نے پاکستان کی جانب سے 1952 میں بھارت کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔

سابق کرکٹر نے 21 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی جن کے دوران انہوں نے ایک سنچری اور چھ نصف سنچریاں اسکور کیں۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان کی بنگلہ دیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وقار حسن کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق چیئرمین بورڈ احسان مانی نے کہا کہ آج ایک افسوسناک دن ہے کیونکہ آج کی تاریخ میں پاکستان کرکٹ نے وہ آخری ستارہ کھودیا۔

انہوں نے کہا کہ وقار حسن نے قومی ٹیم کو دنیائے کرکٹ کے نقشے پر نمودار کیا، ان کا تعلق ان نمایاں کرکٹرز میں سے ہے جنہوں نے پاکستان کو ایک قابل فخر کرکٹ قوم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ورلڈ کرکٹ کپ: بھارت کو شکست، بنگلہ دیش چیمپین بن گیا

احسان مانی کا کہنا تھا کہ وقار حسن کے ساتھ ان کا ذاتی تعلق بھی تھا اور وہ ان کی بہت عزت کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وقار حسن ایک شاندار کرکٹر کے ساتھ ساتھ ایک عظیم انسان بھی تھے، وہ ایک ذہین اور سمجھدار منتظم تھے جنہوں نے پاکستان کرکٹ کی خدمت کی۔

چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ اس مشکل گھڑی میں سابق ٹیسٹ کرکٹر کے اہلخانہ اور دوستوں سے تعزیت کرتا ہے۔


متعلقہ خبریں