محمد آصف کا پاکستان کیلئے اسنوکر نہ کھیلنے کا اعلان


کراچی: وزارت کھیل کی جانب سے تعاون نہ ہونے پر پاکستان کے عالمی اسنوکر چیمپئن محمد آصف دلبرداشتہ ہوگئے اور ملک کے لیے اسنوکر نہ کھیلنے کا اعلان کردیا۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے عالمی چیمپئن محمد آصف نے کہا کہ معاملات حل نہ ہوئے تو پاکستان کے لیے کھیلنا چھوڑ دوں گا۔  پاکستان کے لیے بہت سے میڈلز جیت لیے، اب اپنے لیے کھیلوں گا۔

محمد آصف نے کہا کہ اپنے گھر والوں کے ساتھ مشاورت کر کے اسنوکر چھوڑنے کا فیصلہ کروں گا۔ سوالات کے جواب دیتے دیتے تھک چکا ہوں۔

مزید پڑھیں:  محمد آصف نے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں فتح کشمیریوں کے نام کر دی

خیال رہے کہ 9 نومبر 2019 کو محمد آصف نے آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں میدان مار لیا تھا۔ ترکی کے شہر انتالیہ میں جاری عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے نمبر ون محمد آصف نے فلپائن کے جیفری روڈا کو 5-8 سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کردی تھی۔

محمد آصف نے سیمی فائنل میں تھائی لینڈ کے کرتسانوت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-7سے کامیابی حاصل کی تھی۔ محمد آصف نے گروپ میں تمام میچز جیتے تھے

واضح رہے  کہ اس سے قبل پاکستان کے محمد آصف نے 2012 میں بھی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جب کہ 2014میں محمد سجاد نے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا لیکن وہ ٹائٹل نہیں جیت سکے تھے۔

یہ بھی پڑھیے:  انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ورلڈ چیمپئن شپ: محمد آصف نئی تاریخ رقم کرلیں گے؟

خیال رہے کہ 17 اکتوبر 2019 کو محمد آصف نے پاکستان میں کھیلی جانے والی تھرڈ رییکنگ اسنوکر چیمپئن شپ  2019 بھی جیت لی تھی۔

تھرڈ رییکنگ اسنوکر چیمپئن شپ کا فائنل محمد آصف اور محمد سجاد کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ محمد آصف نے 7-4 سے چیمپئن شپ جیت لی تھی۔

چیمپئن شپ 11 اکتوبر سے 17 اکتوبر 2019 تک جاری رہی تھی۔ نیشنل چیمپئن شپ میں ملک بھر سے ٹاپ 25  کھلاڑی شریک ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں