حکومت کے ساتھ ایک ہی کشتی میں سوار ہیں، رہنما ق لیگ


لاہور: پاکستان مسلم لیگ قائداعظم (پی ایم ایل ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت حکومت کے ساتھ ایک ہی کشتی میں سوار ہے اور ہم ساتھ چلیں گے۔

حکومتی ٹیم سے ملاقات کے خوالے سے ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ق لیگ کے رہنماؤں نے حکومتی کمیٹی سے ملاقات میں تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

طارق بشیر چیمہ نے بتایا کہ حکومتی کمیٹی کے ساتھ بہت اچھی ملاقات رہی۔ اچھے ماحول میں تمام معاملات پر بات کی گئی ہے۔ ملاقات میں مہنگائی، بے روزگاری سمیت کئی دیگر امور زیر بحث آئے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی قیادت، نیت اور کوشش پر کوئی شک نہیں، پرویز الٰہی

رہنما ق لیگ کا کہنا تھا کہ 15 ملین روپے حکومتی ٹیم کی جانب سے ترقیاتی پیکج متعارف کرانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ حلقوں میں ترقیاتی فنڈز سیاستدانوں کا حق ہے۔ ہمیں علاقوں میں کام کرانے کے لئے فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افسران کی تقرری اور تبادلوں کا معاملہ بڑا نہیں ہے۔ اچھا افسر جہاں بھی جائے گا اچھا کام کرے گا۔ ہم غلط کام نہیں کریں تو بیوروکریٹ ہماری بات ضرور مانیں گے۔

طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ پرسوں میری اور مونس الہٰی کی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر سے دوبارہ ملاقات ہو گی۔ آج ہونے والی ملاقات پر پیشرفت سے متعلق مزید گفتگو کریں گے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ حکومتی کمیٹی نے مسلم لیگ ق کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے ہیں، جس کے تحت مرکز اور پنجاب میں حلیف جماعت کو ترقیاتی فنڈز جلد جاری کردیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کے وزراء اپنی وزارتوں کے معاملات میں بااختیار ہوں گے، تاہم کسی بھی قابل اعتراض آفیسر کی تقرری پر تحریک انصاف اعتراض کرسکے گی۔

مزید پڑھیں: ن اور ق لیگ کے رابطے پنجاب حکومت گراسکتے ہیں، رانا ثنااللہ کا انکشاف

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اعتراض کی صورت می مسلم لیگ ق متعلقہ وزارت میں تعیناتی کے لیے نئے آفیسر کا نام دینے کی پابند ہوگی۔ مسلم لیگ ق اپنے متعلقہ اضلاع میں عوامی مسائل کے حل کے لیے باآختیار ہوگی۔


متعلقہ خبریں