چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی کام جاری رکھنے سے معذرت

Shabbar zaidi

اسلام آباد: شبر زیدی نے بطور چیئر مین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کام جاری رکھنے سے معذرت کرلی۔

ذرائع کے مطابق شبر زیدی نے اپنے فیصلے سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا۔

ہم نیوز کے رابطہ کرنے پر شبر زیدی نے واضح کیا کہ انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: نئے چیئرمین ایف بی آر کی تلاش

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کے اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی شدید بیمار ہیں، بطور چیئرمین ایف بی آر کے لیے نیا بندہ لائیں گے۔

اجلاس کے دوران عمران خان نے معاشی ٹیم کو چیئرمین ایف بی آر کے لیے موزوں شخص لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شبر زیدی میری درخواست پر صرف چھ ماہ کے لیے آئے تھے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے واضح کردیا ہے کہ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کو تبدیل نہیں کیا جارہا ہے۔ عبدالحفیظ شیخ اور رضا باقر کے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، وہ تبدیل نہیں ہوں گے۔

چیئرمین ایف بی آر کیلئے ممکنہ نام

دو فروری کو ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ وفاقی حکومت نے نئے ایف بی آر چیئرمین کی تلاش شروع کردی ہے۔

اس سلسلے میں ایف بی آر سے تعلق رکھنے والے گریڈ 22 کے افسر محمد جاوید غنی کا نام زیر غور ہے۔ نجی شعبے سے بھی موزوں شخص کو تلاش کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین ایف بی آر کے لیے نیا شخص لائیں گے، عمران خان

ذرائع کے مطابق ان لینڈ ریونیو کے احمد مجتبیٰ میمن اور سیکرٹری امور کشمیر طارق پاشا کے ناموں پر بھی غور و خوص ہورہا ہے۔

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر کا عہدہ زیادہ عرصے تک خالی نہیں رکھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ کی تیاری اور آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے چیئرمین ایف بی آر کی عہدے پر تعیناتی ضروری ہے۔


متعلقہ خبریں