منی لانڈرنگ کیس: حمزہ شہباز کی درخواستِ ضمانت مسترد

پنجاب اسمبلی: قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی مشکلات میں اضافہ

لاہور: منی لانڈرنگ کیس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نواز کے رہنما حمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی گئی۔

سماعت کے دوران نیب نے مؤقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز تحقیقات میں تعاون  نہیں کر رہے لہٰذا ضمانت مسترد کی جائے۔

حمزہ شہباز  کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق مقدمات میں 11 جون کو گرفتار کیا گیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی تھی۔

ن لیگی رہنما آمدن سے زائد اثاثے، رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کیس میں ضمانت پر تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کرلیا

سماعت کے دوران جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے نیب کے وکیل سے سوال کیا کہ کیا ملزم تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوا؟ وکیل نیب نے کہا کہ جی حمزہ شہباز چار بار پیش ہوئے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے بیرون ملک ترسیلات کا کوئی جواب نہیں دیا، کہتے تھے جواب عدالت میں دیں گے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ حمزہ شہباز نے 181 ملین روپے وصول کیے، جعلی لوگوں کے نام سے بیرون ملک سے ترسیلات منگوائی گئی ہیں۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ 40 افراد کو بھی شامل تفتیش کر کے بیانات ریکارڈ کیے لیکن انہوں نے رقوم بھجوانے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

دو ماہ قبل احتساب عدالت نے نیب کو مسلم لیگ ن کے رہنما سے منی لنڈرنگ کیس میں کیمپ جیل میں ہی تفتیش کی اجازت دی تھی۔

مزید پڑھیں: رمضان شوگر ملز کیس، حمزہ شہباز کی ضمانت منظور

حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں زیر حراست تھے۔

تاہم کچھ روز قبل لاہور ہائی کورٹ نے رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت منظور کر لی تھی۔

دسمبر میں منی لانڈرنگ کیس میں شریف فیملی کے مبینہ سہولت کار ملزم راشد کرامت کو عدالت نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: شریف فیملی کا مبینہ سہولت کار نیب کے حوالے

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم راشد کرامت 2007 سے حمزہ شریف کا ملازم تھا اور اس کے بنک اکاونٹ میں 45 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی۔

نیب پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ راشد کرامت پر حمزہ شہباز شریف اور سلمان شہباز کیلئے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا الزام عائد ہے، ملزم شریف فیملی کے اکاؤنٹ میں پیسے منتقل کرتا تھا۔


متعلقہ خبریں