چوہدری نثار علی خان لندن روانہ


اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان لندن روانہ ہوگئے جہاں ان کی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقات کا امکان ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ چوہدری نثار پرواز پی کے 785 پر اسلام آباد سے لندن روانہ ہوئے ہیں۔

ٹکٹ پر ان کی واپسی کی تاریخ 24 فروری درج ہے۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان کی قیادت، نیت اور کوشش پر کوئی شک نہیں، پرویز الٰہی

گزشتہ روز ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے خلاف لندن پلان بن رہا ہے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ وزیر اعظم نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اس بیان پر تحقیقات کا کہا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے تین ماہ میں استعفٰی اور انتخابات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

ندیم افضل چن نے کہا آج ترجمانوں کے اجلاس میں دھرنے کی سازش پر بات ہوئی یہ جمہوریت کے خلاف سازش ہوئی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی اور رہنما مسلم لیگ ق پرویز الٰہی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ اسپیکر پرویزالہی اتحادی ہیں ان پر ابھی بات نہیں کرنا چاہتا۔

یہ بھی پڑھیں بلاول بھٹو نے آئی ایم ایف کے ساتھ مالیاتی معاہدے پر نظر ثانی کا مطالبہ کر دیا

ندیم افضل چن کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا کہ نام نہیں بتا سکتا لیکن مولانا فضل الرحمان انہی اشاروں کو لے کرہمارے پاس آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو استعمال کیا اور خود ہاتھ اور جھولی بھر کر لے گئے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی یقین دہانیاں اُسی طرف سے تھیں جہاں سے وزیر اعظم عمران خان کو امپائر کی انگلی اٹھنے کی امید تھی۔


متعلقہ خبریں