ریلوے خسارہ کیس: سپریم کورٹ میں پیشرفت رپورٹ جمع


اسلام آباد: پاکستان ریلوے نے خسارہ کیس میں پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 28 جنوری کے عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔

تجاوزات جلد ختم کرکے کراچی سرکلر ریلوے کو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: کراچی سرکلر ریلوے: ایک ہفتے میں قبضے ختم کرانے کا حکم

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے تین فروری کو وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی جس میں کراچی سرکلر ریلوے کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

کراچی سرکلر ریلوے کے 43.12 کلومیٹر ٹریک میں سے 37.70 کلومیٹر پر کام مکمل ہوچکا ہے، سرکلر ریلوے سی پیک کا حصہ ہے جبکہ ایکنک 270 ارب روپے کی منظوری بھی دے چکی ہے۔

رپورٹ میں ریلوے کا بزنس پلان اور ایم ایل ون کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

عدالت نے وزیر ریلوے اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔

ایم کیو ایم کی بے گھر افراد کو متبادل رہائش فراہم کرنے کی اپیل

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے اپیل کی ہے کہ بے گھر افراد کو متبادل رہائش فراہم کی جائے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جن زمینوں پر قبضہ ہے ان کی براہ راست ذمہ داری محکموں پر عائد ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریلوے کو منافع بخش بنانے کا حکم، بزنس پلان طلب

انہوں نے کہا کہ کسی نے کراچی کے مسائل پر توجہ نہیں دی، تجاوزات کی اجازت دینے کا ذمہ دار کون ہے؟

کنور نوید جمیل نے کہا کہ وفاقی حکومت کے منشور میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ شامل ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے اس لیے ہوئے کیوں کہ محکموں نے قبضے ہونے دیئے۔


متعلقہ خبریں