پنجاب حکومت کا 2020 میں ہر ماہ انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ


لاہور: صوبے میں متواتر نئے کیسز سامنے آنے کے بعد  پنجاب حکومت نے 2020 میں ہر ماہ مربوط انداز میں انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 2020 میں ہر ماہ انسداد پولیو مہم چلانے کی منظوری دے دی۔

متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور یونیسف کے نمائندگان اور متعلقہ حکام کے ساتھ  صوبائی ٹاسک فورس برائے انسدادپولیو کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 17 فروری سے پنجاب کے 36 اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 2 کروڑ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جس میں ہائی رسک اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیراعلیٰ  نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کو انسداد پولیو کے لیے وضع کردہ پلان پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مہم میں منتخب نمائندوں اور نمبرداروں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔

مزید پڑھیں: پولیو کیسز، عثمان بزدار کا غفلت برتنے والے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم

عثمان بزدار نے کہا کہ کمیونٹی کی شمولیت سے انسداد پولیو کے لیے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں پولیو کیسز کا سامنے آنا تشویشناک ہے۔ پولیو کیسز والے اضلاع میں انتظامیہ کو موثر انداز سے پولیو سے نمٹنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں انسداد پولیو کے لیے متحرک ہوکرفرائض سرانجام دیں۔ انسداد پولیو مہم کے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد میں کوتاہی یا غفلت ہر گز برداشت نہیں کروں گا۔

عثمان بزدار نے بعض اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے انسداد پولیو کے لیے باقاعدہ میٹنگز نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باقاعدہ میٹنگز نہ کرنے والے ڈپٹی کمشنرز سے جواب طلبی ہوگی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں پولیو کے مزید چار کیسز سامنے آگئے

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں غفلت پر اب ایکشن ہوگا- ہر بچے کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے۔ صوبے سے پولیوکے خاتمے کے لیے کاوشیں جہاد ہے-۔ مشترکہ کاوشوں سے مرض کا خاتمہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انسداد پولیو کے لیے کئے جانے والے اقدامات کا ہر ماہ خود جائزہ لوں گا۔

صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، مراد راس، فیاض الحسن چوہان، رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، چیف سیکرٹری، کمشنر لاہور ڈویژن،پرنسپل  یکرٹری، ڈویژنل کمشنرز، اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزاور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔


متعلقہ خبریں