نئی دہلی انتخابات: عام آدمی پارٹی کا سونامی بی جے پی، کانگریس کو بہا لے گیا


نئی دہلی: نئی دہلی کے ریاستی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کا سونامی مرکز میں برسر اقتدار جماعت بھارتی جنتہ پارٹی اور حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کو بہا لے گیا۔

ارویند کیجری وال کی قیادت میں عام آدمی پارٹی نے تیسری مرتبہ دہلی کے ریاستی انتخابات میں میدان مارلیا اور ریاست کی کل 70 میں سے 63  نشستوں پر  کامیابی حاصل کرلی۔

نئی دہلی کے اہم ریاستی انتخابات میں مرکز میں مسلم دشمن اور انتہا پسند جماعت  بی جے پی کے حصے میں صرف سات نشستیں آئیں۔ ریاستی انتخابات میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت انڈین نیشنل کانگریس کوئی سیٹ جیت نہیں سکی۔ ریاستی انتخابات کے مکمل اور سرکاری نتائج کا اعلان منگل تک کیا جائیگا۔

تجزیہ کار نئی دہلی کے ریاستی انتخابات میں وزیراعظم نریندر مودی کی پارٹی بی جے پی کی بدترین شکست کو حکمران جماعت کی طرف سے متعارف کرائے گئے متنازعہ شہریت قانون کے خلاف ریفرنڈم قرار دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی انتخابات میں مودی نے میدان مار لیا

انتخابی مہم کے دوران عام آدمی پارٹی نئی دہلی کے سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر کرنے، لوگوں کو سستی بجلی اور مفت صحت کی سہولیات فراہم کرنے اور خواتین کے لیے مخصوص بسیں چلانے کا منشور لے کر میدان میں اتری تھی جس کا ووٹرز نے انتخابات میں جتا کر اس کا بھرپور جواب دے دیا۔

بھارت میں پچھلے سال ہونے والے عام انتخابات میں بی جے پی نے سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کی تھیں لیکن اس کے بعد ہونے والے تقریباً تمام ریاستی انتخابات میں ہندو انتہا پسند حکمران جماعت کو شکست کا مسلسل سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے بعد اہم ریاستی انتخابات میں بدترین شکست سے نریندر مودی کی سیاسی ساکھ مزید متاثر ہوئی ہے اور بی جے پی اسطرح کی شکست کی توقع نہیں کررہی تھی۔

مزید پڑھیں: بھارت: متنازعہ شہریت قانون پر عمل درآمد روکنے کی درخواست مسترد

52 سالہ سابق بیوروکریٹ ارویند کیجری وال نے 2012 میں ملک میں بڑھتی ہوئی کرپشن سے لڑنے کے لیے عام آدمی پارٹی کی بنیاد رکھی تھی اور تن سے اب تک ان کی جماعت داروالحکومت میں تیسری بار فاتح قرار پائی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں متنازع قانونِ شہریت کے خلاف احتجاج  اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارت بھر میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداداب تک 25 سے زائد ہو گئی ہے جبکہ سیکڑوں افراد  زخمی بھی ہوئے ہیں۔

بھارتی سیکیورٹی فورسز نے ہزاروں افراد کو گرفتار کر نے کی بھی تصدیق کر دی ہے۔ متنازع قانونِ شہریت کے خلاف احتجاج بھارت بھر میں پھیل گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز مظاہرین جن میں زیادہ تعداد مسلمانوں اور دیگر اقلیتی مذاہب سے ہے کو منتشر کرنے کے لیے بھر پور طاقت کا استعمال کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں