مولانا کے ساتھ جس نے وعدہ کیا تھا اسے منظر عام پر آنا چاہیے، ندیم افضل چن

8 فروری کو سارے جعلی سروے ٹکے میں بھی نہیں بکیں گے

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ چودھری نثارجولائی میں لندن جاتے تھے تاہم اس مرتبہ وہ سردی میں گرمی تلاش کرنے کے لیے وہاں گئے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار اور نوازشریف میں صلح ہوتی ہے تو اچھی بات ہے، اچھا ہے کہ اپوزیشن ملک آئے اور سیاست کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ کسی کے اشارے پراسلام آباد آئے تھے، ان کےساتھ جس نے وعدہ کیا تھا وہ منظرعام پر آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز وضاحت دیں وہ لندن کیوں جانا چاہتی ہیں؟ وہ ملک میں رہیں اور یہاں جلسے کریں، وہ خاموش کیوں ہیں؟

ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ مریم نوازکو روکنے کے لیے ہر حد تک جائے گی، حکومت کوخدشہ ہے کہ اسحاق ڈار کی طرح مریم بھی وہاں بیٹھ نہ جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت گرانے کی باتیں افواہیں ہیں، ان پر توجہ نہ دی جائے، ایسی تمام باتیں بےبنیاد ہیں۔ جمہوریت اور اداروں کو چلنے دیا جائے، پی ٹی آئی کو مدت مکمل کرنے دیا جائے۔

ترجمان وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پر تنقید ہو لیکن سازشیں نہیں چلنی چاہیے، بلاول بھٹو ہو یا کوئی اور غیر پارلیمانی زبان کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے، حکومت پر تنقید ضرور کریں لیکن زبان میں شائستگی ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہی ہے، یوٹیلٹی اسٹورکا ایم ڈی نجی شعبے سے لگایا گیا ہے جو بہترین کام کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں