بنگلہ دیش کا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے میں عدم دلچسپی کا اظہار


اسلام آباد: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کراچی میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے میں عدم دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک بز سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایکزیگٹیو نظام الدین کا کہنا تھا کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی تیاری نہیں کی جس کی وجہ سے ٹیم انتظامیہ نے معذرت کر لی ہے۔

خیال رہے گزشتہ سال نومبر میں بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف کولکتہ میں اپنا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جس میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

واضح رہے پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ شائقین کی دلچسپی بڑھانے کیلیے کراچی میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی تجویز پیش کی تھی لیکن بنگلا دیشی ٹیم اس کیلیے تیار نہیں ہے لہٰذا اپریل میں روایتی انداز میں ڈے میچ کھیلا جائے گا۔

راولپنڈی ٹیسٹ

یاد رہے پاکستان نے نوجوان گیند باز نسیم شاہ کی ہیٹ ٹرک ، بابر اعظم اور شان مسعود کی سنچریوں کی بدولت بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں باآسانی ایک اننگز اور 44 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی تھی۔

اس جیت کے ساتھ دو میچوں پر مشتمل سیریز میں گرین شرٹس نے 0-1 کی سبقت حاصل کرلی تھی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم کو محض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا تھا جو اس نے محض ایک گھنٹہ اور 25 کے کھیل کے دوران ہی کرلیا۔

سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد اپریل میں کھیل جائے گا۔

کھیل کے پہلے روز پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی کے شائقین کو دیکھ کر خوشی ہوئی، شان مسعود

پاکستانی گیند بازوں کی شاندار بولنگ کے باعث بنگلہ دیشی ٹیم 233 رنز تک محدود رہی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے محمد متھن نے 63 اور نجم الحسین نے 44 رنز کی اننگز کھیلیں تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی بنگلہ دیشی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔

گرین شرٹس کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کا پویلین لوٹا اور محمد عباس اور حارث سہیل دو دو جبکہ نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔

جواب میں میزبان ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 445 رنز بناکر 212 رنز کی بڑی سبقت حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے 143 جبکہ شان مسعود نے 100 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ حارث سہیل 75 اور اسد شفیق 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

یہ بھی پڑھیں: نسیم شاہ کی ہیٹ ٹرک، بنگلہ دیش کو اننگز شکست کا سامنا

بنگلہ دیش کی جانب سے ابو جائید اور روبیل حسین نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ تیج الاسلام دو اور عبادت حسین ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر پائے۔

دوسری اننگز میں بنگلہ کے ٹاپ آرڈر نے پاکستانی گیند بازوں کو ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ایک موقع پر مہمان ٹیم 124 پر موجود تھی اور اس کے دو ہی کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

تاہم اس موقع پر نسیم شاہ نے ہیٹ ٹرک کرکے بنگلہ دیشی بلے بازوں کا حوصلہ توڑ دیا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین گیند باز بن گئے ہیں۔

بنگلہ دیش کے آخری آٹھ بلے باز اسکور میں محض 44 رنز ہی اضافہ کرپائے اور کھیل کے چوتھے روز تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کے بعد آخری چار بلے باز بھی آؤٹ ہوئے اور یوں پاکستان کو ایک اننگز اور 44 رنز سے فتح ملی

ہیٹ ٹرک کرنے پر نسیم شاہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


متعلقہ خبریں