’عثمان بزدار کی تبدیلی کا فیصلہ کرنا تحریک انصاف کا کام ہے‘

کورونا: وزیراعلیٰ پنجاب صحتیاب نہیں ہو سکے، رپورٹ پھر مثبت آگئی

فائل فوٹو


لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی اور حکمراں جماعت کی اہم اتحادی ق لیگ کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی کا فیصلہ کرنا تحریک انصاف کا کام ہے، ہم ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر سلطان چیمہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں اس قدر کام ہوئے کہ اس سے پہلے کسی دور میں اتنے کام نہیں ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ہم نے کسان کا نقصان نہیں ہونے دیا، کیونکہ ہمارے تمام کاموں کا محور عام آدمی تھا، اب ہمارا تحریک انصاف سے اتحاد ہوا اور پھر جب اسپیکر بنا تو عمران خان نے کہا کہ ہمارا فرق بہت کم ہے۔

مزید پڑھیں: اتحادیوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، عثمان بزدار

پرویز الہیٰ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ فرق کم ہونے کی وجہ سے اسمبلی کم ہے، آپ تجربہ کار آدمی ہیں آپ ہی سنبھالیں، میں نے ان کو بولا کہ آپ نے سیٹ پکڑے رکھنی ہے میں اسمبلی سنبھال لوں گا۔

ق لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میں نے اسمبلی کو اس قدر بہتر انداز میں سنبھالا کہ پختونخواہ اسمبلی میں تحریک انصاف کی دو تہائی اکثریت ہے انہوں نے 35 قوانین بنائے جبکہ ہم نے دو ووٹوں کی لیڈ سے 36 قوانین بنائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات آ رہے ہیں اس میں مسلم لیگ بھرپور حصہ لے گی، ہم پورے پنجاب میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بلدیاتی ادارے ہوتے تو مہنگائی کا جو طوفان ابھی اٹھا ہے ایسا نہ ہوتا، حکومت کو پیچیدگیاں اور مشکلات نہ آتیں، ملک میں آہستہ آہستہ بہتری آئے گی، عمران خان نیک نیت ہیں اور قوم کا درد دل میں رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کچھ لوگ عمران خان کو ناکام کرنا چاہتے ہیں، چودھری مونس الٰہی کا دعویٰ

پرویز الہٰی نے کہا کہ قومی معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، جہاں پاکستان اور غریب عوام کی بہتری کا سوال ہو وہاں مثبت حل کی طرف مل کر جانا چاہیے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جماعتوں کی شناخت پاکستان کی وجہ سے ہے، جہاں کام بہتری کا ہو وہاں مثبت تجاویز تمام جماعتوں کو دینی چاہیے۔

احتساب قوانین کے حوالے سے پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں نے احتساب کے حوالے سے ایک میٹنگ کی ہے، اس قیصر کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنی ہے، نیب کے قوانین کو بہتر بنانے کے لیے سوچ بچار ہو رہی ہے،  پہلے دن سے ہماری جماعت عثمان بزدار کو سپورٹ کر رہی ہے اور آج بھی ہم ان کے ساتھ ہیں، یہ کام تحریک انصاف کا ہے کہ انہیں تبدیل کرے یا نہ کرے لیکن ہم ان کو سپورٹ کر رہے ہیں کہ یہ ڈلیور کریں۔


متعلقہ خبریں