بھارت کو امریکی اسلحے کی فروخت خطے کے استحکام پر اثرات مرتب کرے گی، ترجمان


اسلام آباد ۔ پاکستان نے امریکہ کی جانب سے بھارت کو جدید فضائی دفاعی نظام کی فروخت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکی فیصلے سے خطے میں استحکام پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔

ایل او سی خلاف ورزی، بھارتی سفارت کار دفتر خارجہ طلب

ہم نیوز کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا ہتھیاروں کی دوڑ کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ و بھارت کے درمیان دفاعی تعلقات جنوبی ایشیا میں عدم استحام کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش پہ عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ امریکی صدر اپنے دورہ بھارت میں یہ معاملہ اٹھائیں گے۔

ڈاکٹر عائشہ فاروقی نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کے خلاف بھارت کے جارحانہ عزائم اور بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے دھمکی آمیز بیانات سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری بھارت کو خطے میں عدم استحکام کی کوششوں سے روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پر امید ہیں کیونکہ ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی شراکت دار ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے رواں سال کے دوران اب تک 272 مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں جن کے نتیجے میں تین شہری شہید اور 25 بے گناہ افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم بارہا عالمی برادری کو خبر دار کر چکے ہیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر مظالم سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاون کے 193 ویں روز بھی عوام پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بھارت مسلسل 2003 کے جنگ بندی انتظامات کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈاکٹر عائشہ فاروقی نے کہا کہ بین الاقوامی اٹامک ایجنسی ویانا میں عالمی نیوکلئیر سیکورٹی کے حوالے سے کانفرنس منعقد کر رہی ہے جس میں پاکستان بھی شرکت کرے گا۔

افغان صدر کے پاکستان مخالف ٹوئٹس پر دفتر خارجہ کا اظہار تشویش

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد بھارت کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس دورے میں غالب امکان ہے کہ امریکہ بھارت کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے جدید دفاعی میزائل نظام (آئی اے ڈی ڈبلیو ایس) فروخت کرنے کا معاہدہ کرے گا جس کی مالیت کروڑوں ڈالرز میں ہے۔ عالمی مبصرین کے مطابق بھارت امریکی صدر کے دورے کے دوران جدید ہیلی کاپٹرز کی خریداری کا بھی معاہدہ کرنے کا خواہش مند ہے۔


متعلقہ خبریں