ن لیگ نے ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں کیلئے عمر کی حد مقرر کردی


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے پارٹی کی ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں کی عمر کی حد مقرر کر دی ہے، جس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر سمیت دیگر سینئر رہنما اپنے عہدوں سے محروم ہوگئے ہیں۔

احسن اقبال کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں ن لیگ کی ذیلی تنظیموں کے عہدوں کے لیے عمر کی حد 35 سال رکھی ہے۔ 35 سال سے زائد عمر کا کوئی بھی شخص یوتھ ونگ کا رکن یا عہدے دار بننے کا اہل نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں: ن لیگ نے بھی سٹرکوں پر آنے کا فیصلہ کرلیا

نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد سابق وزیر اعظم کے داماد کیپٹن (ر) صفدر پی ایم ایل ن یوتھ ونگ کے صدر کے عہدے سے محروم ہوگئے ہیں۔ کپٹن ریٹائرڈ صفدر کی عمر اس وقت 56 سال ہے۔

احسن اقبال کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مسلم اسٹوڈنٹ فیڈریشن (ایم ایس ایف) کا بھی 30 سال سے زائد عمر کا کوئی عہدے دار یا رکن نہیں ہو گا۔ ایم ایس ایف کا رکن یا عہدیدار ہونے کے لیے باقاعدہ طالب علم ہونا ضروری ہے۔

پارٹی جنرل سیکرٹری کی جانب سے نوٹفیکیشن جاری ہونے کے بعد سابق ایم پی اے رانا ارشد بھی اپنے عہدے سے محروم ہوگئے ہیں۔ رانا ارشد کی عمر اس وقت 50 سال ہے۔

مزید پڑھیں: ن لیگ کا وسط مدتی الیکشن کا مطالبہ

نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ پنجاب کے صدر ک 45 سالہ رانا شہزاد خان بھی عہدے سے محروم ہوگئے۔ صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثنا اللہ نے چند دن پہلے رانا شہزاد کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

دریں اثناء پارٹی رہنماؤں اور عہدیداروں نے احسن اقبال کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کو ان کی آمرانہ سوچ کا عکاس قراردیا ہے۔

نوٹیفکیشن پر تبصرہ کرتے ہوئے کیپٹن صفدر نے کہا کہ نظریہ کسی بھی عہدے کا محتاج نہیں ہوتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے عہدیداروں کو فوری طور پر عہدوں سے استفٰے دینے کی ہدایت کردی ہے۔


متعلقہ خبریں