ترک صدر کا پاکستان کیساتھ کاروباری حجم پانچ ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان


اسلام آباد: ترکی کے صدر طیب ایردوان نے اعلان کیا ہے وہ پاکستان کے ساتھ  پہلے مرحلے میں تجارتی حجم ایک ارب ڈالر اورپھر 5 ارب ڈالر تک بڑھائیں گے۔

پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کے دوران انہوں نے بہترین مہمانداری پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، توقع ہے یہ ملاقاتیں دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں مفید ثابت ہوں گی۔

مزید پڑھیں: کشمیر ہمارے لیے وہی اہمیت رکھتا ہے جو پاکستان کے لیے رکھتا ہے، ترک صدر

ان کا کہنا تھا کہ صدر عارف علوی سے سیرحاصل گفتگو ہوئی اور آج پاکستانی پارلیمنٹ سے بھی خطاب کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف سطح پر تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح تزویراتی کونسل کا چھٹا اجلاس آج ہوا ہے ،ترکی پاکستان میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کو تجارتی سطح پر بھی تعلقات میں وسعت دینے کی ضرورت ہے، پاکستان میں توانائی،خوراک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تجارت سمیت دیگر امور پر بھی تعلقات آگے بڑھائیں گے، سرمایہ کاری کی کوئی قومیت نہیں ہوتی، تمام ترمشکلات کے باوجود ترقی کا سفرجاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ترک حکومت کے اقدامات سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ پاکستان کےلوگ علاج معالجے کے لیےمغربی ممالک کا رخ کرتے ہیں، اس رجحان کو بدلنا چاہیئے ترکی میں بھی جدید اسپتال موجود ہیں۔

ترک صدرپاکستان میں انتخابات جیت سکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترک صدر پاکستان میں بہت مقبول ہیں، وہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سےخطاب کے بعد یہاں انتخابات بھی جیت سکتے ہیں۔

پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ  پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس میں حزب اختلاف کوڈیسک بجاتے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی حکمت عملی طاقت اور اعتماد کی عکاس ہے،ایردوان

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترک سرمایہ کاروں کوبہترین سہولیات فراہم کرے گا، ترکی کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت، زراعت، مائننگ، آئی ٹی اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں ترکی کے تجربے سے استفادہ حاصل کرسکتا ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں