نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

فائل فوٹو


لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ہے،جس میں ان کی کورونری انجیو گرافی جلد از جلد کروانے کی سفارش کی گئی ہے۔

نواز شریف کی 12 بارہ فروری کو معائنے کے بعد تیار کی گئی دو صفحات پر مشتمل رپورٹ ہم نیوز کو موصول ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی مصدقہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد امجد پرویز ایڈووکیٹ رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائیں گے۔

ہم نیوز کو موصول رپورٹ کے مطابق نوازشریف کی کورونری انجیو گرافی جلد از جلد کروانے کی سفارش کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی اگر کورونری انجیو گرافی نه کرائی گئی تو ان کی جان کو خطرہ ہے۔ نواز شریف کے دل کو خون کی روانی تسلسل سے نہیں ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں نواز شریف کی صحتیابی مریم نواز کی لندن موجودگی سے مشروط

رپورٹ کے مطابق نوازشریف کے غیر متوازن پلیٹ لیٹس کی وجہ سےان کی حالت خطرے سے دوچار ہوسکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نوازشریف کی طبی معائنہ کیلئے کنسلٹنٹ ہماٹالوجسٹ ڈاکٹر کاظمی سے چوبیس فروری کا وقت لیا گیا ہے۔۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ نوازشریف کو علاج کے لیے برطانیہ میں طبی ماہرین کی زیر نگرانی رہنا چاہیے۔

خیال رہے کہ 6 فروری کو سابق وزیر اعظم نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس  نامکمل ہونے پر پنجاب حکومت نے اعتراضات اٹھا دیے تھے۔

نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے حوالے سے نئی میڈیکل رپورٹس پنجاب حکومت کے پاس جمع کرائی گئی تھیں تاہم ڈاکٹرز نے میڈیکل رپورٹس کو نامکمل قرار دے دیا تھا۔

سینئر ڈاکٹرز نے اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ ایک خط کے ذریعے کسی بھی مریض کی صحت کو جانچنا ممکن نہیں ہوتا۔ خط کے مندرجات کے ثبوت ساتھ نہیں لگائے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پنجاب حکومت نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو غیر تسلی بخش قرار دیا

محکمہ داخلہ پنجاب پہلے ہی تازہ رپورٹس پر تحفظات کا اظہار کر چکا تھا میڈیکل بورڈ کو حکم دیا تھا کہ نواز شریف کی رپورٹس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف گزشتہ سال نومبر سے عدالتی حکم پر آٹھ ہفتے کی ضمانت ملنے کے بعد علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس بھجوانے کا مقصد ان کی بیرون ملک قیام کی مدت میں اضافہ کروانا ہے جو حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کی روشنی میں ہی کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں