’آٹا، چینی بحران پیدا کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے‘

حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں مصنوعی آٹا اور چینی بحران پیدا کرنے والے عناصر کو نہیں چھوڑیں گے۔

لاہور میں صحت کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  آٹا اور چینی بحران پر مکمل انکوئری ہورہی ہے، ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہآٹا اور چینی بحران ہماری کوتاہی ہے۔ آٹا مہنگا ہونے میں ہماری کوتاہی ہے، یہ میں مانتا ہوںَ، لیکن مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعطم عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے 70 لاکھ  افراد حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے صحت کارڈ سے مستفید ہونگے۔ صحت سے متعلق طبی آلات درآمد کرنے پر ڈیوٹی ختم کردی ہے۔ نجی اسپتالوں کے قیام کے لیے بھی سہولتیں فراہم کرر ہے ہیں۔

مزید پڑھیں: آٹا، چینی بحران: ن لیگ کا ایف آئی اے رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان کے جلسے کے بعد پہلی بار ورکرز سے آج ملاقات ہورہی ہے۔ 50 لاکھ افراد کو صحت کارڈ دینے پر یاسمین راشد کو مبارک باد دیتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم فلاحی ریاست کے ماڈل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اس وقت لوگوں کو سمجھ آئی کہ فلاحی ریاست کیا ہوتی ہے۔ میں نے پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ جب آپ اللہ کے مخلوق کی خدمت کرتے ہیں تو آپ کی زندگی بدل جاتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کبھی پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کا نہیں کہا تھا۔ میں نے پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کا وعدہ کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ وہ پاکستان ہے جو 27 رمضان کو بنا تھا۔ کسی کو یہ اندازہ ہی نہیں کہ یہ ملک کتنا عظیم بننے جارہا ہے۔ اقتدار میں آنے کے بعد پتہ چلا اللہ نے پاکستان کو کتنی نعمتوں سے نوازا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو 40 ارب ڈالر کا خسارہ تھا۔ گزشتہ حکومتوں کے خسارے کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ گھی اور دالیں اس لیے مہنگی ہوئیں کیونکہ یہ ہم باہر سے منگواتے ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان: ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کے خلاف ایمرجنسی کا نفاذ

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کمزور گھرانے پر سب سے مشکل وقت بیماری کا ہوتا ہے۔ پنجاب میں 50 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا والوں نے ہمیں دوتہائی اکثریت سے دوسری باری دی۔ کے پی میں ہمیں دوتہائی اکثریت کی بڑی وجہ صحت کارڈ تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کچھ چینلز پروپیگنڈز کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ مائیک پکڑ کر غریب سے سوال شروع کردیتے ہیں۔ یہ لوگ ایک پلان کے تحت ایسا کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں