سپریم کورٹ: انفینٹ فارمولہ کی فروخت پر پابندی برقرار

سپریم کورٹ کا انفینٹ فارمولہ کو فروخت کی اجازت دینے سے انکار | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان نے بچوں کے لئے دودھ کے نام پر فراہم کئے جانے والے انفینٹ (دودھ پیتے بچے) فارمولہ کو فروخت کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

ہم نیوز کے مطابق ہفتہ کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ڈبوں پر واضح لکھا جائے کہ یہ دودھ نہیں ہے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے انفینٹ فارمولہ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ نجی کمپنی کی جانب سے غذائی فارمولے کا اشتہار عدالت میں پیش کیا گیا۔

نجی ادارے کے وکیل اعتزاز احسن نے بتایا کہ ڈبے پر لکھ دیا ہے کہ یہ چھ ماہ سے بڑے بچے کےلیے غذائی فارمولا ہے۔ ‘ماں کا دودھ بہترین غذا ہے’ کا جملہ بھی ڈبے پر لکھ دیا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ڈبے پر درج کیا جائے کہ ‘یہ 6 ماہ سے بڑے بچے کے لیے فارمولا ہے، دودھ نہیں’۔ اعتزاز احسن نے ‘دودھ نہیں’ لکھنے پر اعتراض کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عدالت کے گزشتہ حکم کے مطابق ڈبے پر ہدایات لکھی ہیں۔ عدالت نے اعتزاز احسن کی بات کو جھٹلاتے ہوئے کہا ‘ہم نے واضح طور کہا کہ ڈبے پر لکھیں کہ یہ دودھ نہیں ہے۔’

عدالت عظمی نے واضح کیا کہ جب تک یہ نہیں لکھا جائے گا ہم کسی صورت فروخت کی اجازت نہیں دیں گے۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے اعتراز احسن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو جو دس ہزار روپےجرمانہ ہوا تھا وہ میں نے جمع کروا دیا ہے۔ ہم نے وہ پیسے صدقہ کے طور پر جمع کرائے ہیں۔ جسٹس ثاقب نثار نے عدالتی عملے کو ہدایت کی کہ دس ہزار روپے وصولی کی رسید اعتزاز احسن کو دے دی جائے۔

انفینٹ فارمولہ کے معیار اور اس کی فروخت کے مشکوک انداز کے متعلق شکایات کے بعد کارروائی بھی کی گئی تھی۔

گزشتہ ماہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے انفینٹ فارمولہ مارکیٹنگ ریگولیشنز نافذ کئے تھے۔ قانون کے تحت کوئی انفینٹ فارمولہ کمپنی ڈاکٹرز کو اپنی مصنوعات تجویز کرنے کا نہیں کہہ سکتی۔ نئے ضابطے کا اطلاق ایک سال اور دو سال کے بچوں کے لئے دستیاب انفینٹ فارمولہ پر بھی کیا جائے گا۔

خوراک کے معیار سے متعلق حکام یہ اعتراف بھی کر چکے ہیں کہ چند کمپنیوں کی دھو کہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ کی وجہ سے مائیں اپنے دودھ کی بجائے انفینٹ فارمولے کو ترجیح دیتی ہیں۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سربراہ نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ ناقص معیارکے انفینٹ فارمولہ کا بڑھتا ہوا استعمال بچوں میں غذائی اجزاء کی کمی کے ساتھ ماؤں میں بریسٹ کینسرکے اضافے کا باعث بن رہا ہے۔

طبی ماہرین کی واضح ہدایات کے برخلاف انفینٹ فارمولہ کمپنیاں اپنے غذائی فارمولے کو ماں کے دودھ کے متبادل کے طور پر پیش کرتی ہیں۔ اس مقصد کے لئے کچھ معالجین کو بھی مختلف سہولیات کا لالچ دے کر ساتھ ملا لیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں