پی ایس ایل کے وہ باصلاحیت نوجوان کھلاڑی جن پر ہوں گی سب کی نظریں


اسلام آباد:  پاکستان سپر لیگ تاریخی طور پر ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم رہا ہے۔

اس میگا ایونٹ کی رعنائیاں، بڑی تعداد میں شائقین کی کھیل پر توجہ اور معروف بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ پاکستان کے ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے بہت فائدہ مند ہے۔

ان چار سالوں کے دوران پی ایس ایل نے فخرزمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، عماد وسیم ، فہیم اشرف اور اب حارث رؤف جیسے کھلاڑیوں کو کھیل کے بڑے پردے پر اجاگر کرایا ہے اور ان کھلاڑیوں کی قومی ٹیم کے لیے کارکردگی سب کے سامنے ہے۔

پی ایس ایل 2020 کا آغاز 20 فروری سے کراچی میں ہو رہا ہے، پہلی مرتبہ اس میگا ایونٹ کے تمام میچز پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیں گے۔

ہم نے ان باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی فہرست مرتب کی ہے جن پر شائقین کرکٹ سمیت سابق کرکٹرز کی بھی نظریں مرکوز ہوں گی۔

عاکف جاوید (اسلام آباد یونائٹیڈ)

کرک سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز عاکف جاوید نے انتہائی قلیل مدت میں اپنے صلاحیتوں کے بل بوتے پراپنی تیز گیند بازی کا لوہا منوایا ہے۔

عاکف نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اپنی نپی تلی تیز گیند بازی سے سب کو متاثر کیا، بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی اور اپنی ٹیم کو فائنل تک رسائی دلائی۔

مزید پڑھیں: ‘شعیب اختر کی طرح تیز گیند باز بننا چاہتا ہوں’

ڈیل اسٹین اور رومان رئیس کے ساتھ عاکف جاوید کی موجودگی اسلام آباد یونائیٹیڈ کی بولنگ لائن بہت مضبوط بناتی ہے۔

ارشد اقبال(کراچی کنگز)

کراچی کنگز نے سوابی سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ فاسٹ باولر ارشد اقبال کو ایمرجنگ کی کٹیگری میں منتخب کیا ہے۔

ارشد نے 2018 انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پانچ میچوں میں چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ان کی سب سے شاندار کارکردگی بھارت کے خلاف رہی جس میں انہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دلبر حسین (لاہور قلندرز)

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے تیز گیند باز دلبر حسین کو لاہور قلندرز نے اپنے دو سالہ پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام میں دریافت کیا تھا جس کے بعد انہیں مزید تربیت کے لیے آسٹریلیا بھی بھیجا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل2020: کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا

حارث رؤف کی طرح دلبر حسین نے بھی آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک میچ کھیلا جس میں انہوں نے نامور بلے باز اے بی ڈیولیئرز کی وکٹ حاصل کی۔

ذیشان اشرف (ملتان سلطانز)

27 سالہ نوجوان بلے باز ذیشان اشرف نے ڈومیسٹیک سیزن کے دوران شاندار بلے بازی اور قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں 65 کی اوسط اور 174 کے اسٹرائیک ریٹ 395 رنز بنا کر ملتان سلطانز کے سیلکٹرز کی توجہ اپنے جانب مبذول کرائی جنہوں نے وائلڈ کارڈ کے ذریعے ان کا انتخاب کیا۔

حیدر علی (پشاور زلمی)

اٹک سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ بلے باز حیدر علی کو انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوران ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی این بیشپ نے اگلا بابراعظم ٹھرایا ہے۔

حیدر نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں سنچری اور انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف نصف سینچری اسکور کر کے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔

پی ایس ایل 2020 میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے حیدر علی کے پاس اچھی کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں جگہ بنانے کا سنہرا موقع ہے۔


متعلقہ خبریں