پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والا دنیا کا بڑا ملک ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والا دنیا کا بڑا ملک ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مقامی ہوٹل میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والا دنیا کا بڑا ملک ہے اور پاکستان کا موسمیاتی تبدیلی میں کردار کم لیکن متاثر سب سے زیادہ ہے۔

مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت میں مذاکرات ہونے چاہئیں۔ نہ صرف کشمیر میں انسانی حقوق کی پاسداری ہونی چاہیے بلکہ کشمیرسمیت دنیا بھرمیں انسانی حقوق کا احترام بھی ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف انسانی ترقی کے لیے ضروری ہیں جبکہ تعلیم، معیشت اور برابری ترقی کے لیے اہم ہے اور پاکستان پائیدار ترقیاتی کے اہداف کے لیے کاوشیں کر رہا ہے۔ ہمارا مشترکہ وژن موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا اور پائیدار ترقی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کی بہترین مہمان نوازی کی اور غربت کا خاتمہ پاکستانی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کامیاب نوجوان پروگرام نوجوانوں کو روزگار دینے کا منصوبہ ہے جبکہ پاکستان کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں چیلنجز درپیش ہیں۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعظم کو ’زیادہ یوٹرنز لینے والا بڑا آدمی’ کا فلسفہ چھوڑنا ہو گا، سراج الحق

انہوں نے کہا کہ ترقی کے حصول کے لیے دنیا کو بہت سی رکاوٹیں درپیش ہیں اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان پانی کی قلت کا شکار ہے، موسمیاتی تبدیلی کا اثر دنیا کے لیے خطرہ ہے۔ پاکستان کا کلین اینڈ گرین منصوبہ قابل تعریف ہے۔

یہ بھی پڑھیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل آج چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

پاک بھارت سندھ طاس معاہدے پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت سندھ طاس معاہدے پر عمل کریں کیونکہ دونوں ملکوں میں عالمی بینک کے تحت پانی کے استعمال کا معاہدہ ہے اور سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد سے پانی کے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں