جمہوریت کے لیےنعیم الحق کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب کا چنیوٹ کیلئے 10 ارب کے پیکج کا اعلان

فوٹو: فائل


کراچی: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جمہوریت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نعیم الحق کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نعیم الحق کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوسکتا۔

کراچی: عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق سپرد خاک

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی رکن نعیم الحق کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الحق کے انتقال پر دلی دکھ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق ہمارے دیرینہ ساتھی اورجمہوری اقدارکے علمبردار تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے کینسر جیسے موذی مرض کا بھی بہادری سے مقابلہ کیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شہر قائد میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے عظیم رہنما نے زندگی بھرعوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے جدوجہد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہم سب اسی عظیم لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مرحوم نے وزیراعظم عمران خان کے ہر مؤقف کی تائید و حمایت کی اور مقصد کے حصول کے لیے انتھک محنت و جدوجہد بھی کی۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ مرحوم کروڑوں کارکنان کے دلوں کی آواز بنے اور ہر لمحہ قانون کی حکمرانی و سربلندی کے لیے جنگ لڑتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم نعیم الحق وزیراعظم پاکستان کی سوچ کو پروموٹ کرنے کی کوششوں میں ہمہ وقت مصروف رہے تھے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مرحوم نے شوکت خانم کینسر اسپتال کے لیے بڑی محنت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی زندگی کی بازی بھی انہوں نے کینسر جیسے مرض سے لڑتے ہوئے ہاری۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نعیم الحق پارٹی کے لیے روشن و درخشاں چہرہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسا روشن کردارتھے جس نے اپنی ذات کی نفی کی اور ہم ان کے مشن کو مرنے نہیں دیں گے۔


متعلقہ خبریں