دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا کردار مثالی ہے، اقوام متحدہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار مثالی ہے۔ پوری دنیا کو پاکستان کے کردار کو سراہنا چاہیے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان پناہ گزینوں سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہنے پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے شکر گزار ہیں تاہم اب پناہ گزینوں کی واپسی سے متعلق امور پر کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جیسے ہی امن ہو گا پناہ گزینوں کی واپس کا سلسلہ بھی شروع کردیا جائے گا۔ پاکستان کے اقوام متحدہ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور پاکستان اقوام متحدہ کا ایک سنجیدہ رکن بھی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آزادی رائے سے انکار نہیں ہے تاہم اس کی کچھ حدود و قیود کا ہونا بھی ضروری ہے۔ اسلامو فوبیا ایک بڑھتا ہوا مسئلہ ہے اور دنیا کو اپنا نقطہ نظر بتانا بھی ضروری ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد دنیا کے سامنے پاکستان کی اصل تصویر لانا ہے اور دنیا کو اب پاکستان کو دیکھنا ہو گا۔ پاکستان نے عالمی دنیا کے محدود تعاون کے باوجود 40 سال تک افغان مہاجرین کو پناہ دی۔

انہوں ںے کہا کہ میں دوسرے ممالک کو بھی پاکستان سے تعاون کرنے کی دعوت دیتا ہوں اور انہیں بھی پاکستان کی طرح ذمہ داریوں کو اپنانا ہو گا۔ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن میں سب سے زیادہ لوگ بھیجنے والا ملک ہے۔

پاک بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے انتونیو گوتیرس نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پر اظہار تشویش ہے اور دونوں ممالک کو صبر و تحمل سے کام لینا چاہیے۔ پاک بھارت کو مذاکرات اور اقوام متحدہ چارٹر کے ذریعے اپنے مسائل کو حل کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں سوشل میڈیا قوانین میں ابہام موجود ہے، سیکرٹری برائے قانون و انصاف

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے امن عمل پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مذاکرات کے ذریعے پر تشدد کاروائیوں میں کمی آئے گی جبکہ افغانستان میں امن کے ساتھ مہاجرین کی واپسی کا عمل بھی شروع کیا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں ملک میں فوری الیکشن کرائے جائیں، جماعت اسلامی پاکستان کا مطالبہ

جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ نےکہا کہ کرتارپور راہداری پاکستان کی امن کی خواہش کی جاگتی مثال ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف پاکستان کی جنگ کو سراہتے ہیں کیونکہ بلین ٹری سونامی جیسے اقدامات سے موسمیاتی مسائل سے نمٹا جاسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں