نوشہرو فیروز: مقتولہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کا مقدمہ درج

نوشہرو فیروز: مقتولہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کا مقدمہ درج

نوشہروفیروز: پاکستان پیپلزپارٹی کی مقتولہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کا مقدمہ 28 گھنٹے بعد درج کرلیا گیا۔ مقدمہ دریا خان مری تھانہ میں مقتولہ کے بھائی علی رضا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

نوشہروفیروز میں فائرنگ، پیپلز پارٹی رہنما شہناز انصاری جاں بحق

نوشہرو فیروز میں دریا خان مری کے قریب مسلح افراد نے گزشتہ روز فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری شدید زخمی ہوئی تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپتال منتقلی کے دوران داعی اجل کو لبیک کہہ گئی تھیں۔

ہم نیوز نے علاقہ پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ مقدمہ میں چار ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ نامزد ملزمان میں وقار کھوکھر، اختر، صدیق کھوکھر اور مسماۃ سلمیٰ شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق نامزد ملزمان میں سے صدیق کھوکھر اور مسماۃ سلمیٰ کو گرفتارکیا جا چکا ہے۔ گرفتار ملزم صدیق کھوکھر یوسی کور حسن سے پی پی کا یوسی چیئرمین ہے۔

پی پی کی مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنازہ نوشہرہ فیروز میں ادا کی گئی تھی جس کے بعد انہیں اسماعیل شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا تھا۔

’ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان خود ماورائے عدالت قتل میں ملوث رہے ہیں‘

شہناز انصاری کی نمازجنازہ میں سینیٹر عاجز دھامرا اور دیگر اراکین اسمبلی سمیت پارٹی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی تھی۔

پولیس کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ ایم پی اے شہناز انصاری اپنے بہنوئی کے چہلم میں شرکت کرنے کے لیے آئی تھیں کہ اسی دوران زمین کے تنازع پر فائرنگ ہوئی جس میں انہیں تین گولیاں لگی تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شہناز انصاری کے مرحوم بہنوئی زاہد کھوکھر کے بھتیجے نے فائرنگ کی تھی۔ مقتولہ شہناز انصاری پی پی کی رکن تھیں اور وہ خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہناز انصاری کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں شہناز انصاری کے قتل کی خبر سن کر صدمے میں ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک بہترین سیاسی کارکن اور پارٹی کا اثاثہ تھیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں غم کی اس گھڑی میں شہناز انصاری کے سوگوار اہل خانہ کے ساتھ ہوں۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس ضمن میں مؤقف اپنایا تھا کہ شہناز انصاری ایک سمجھداراورغریبوں کا دکھ درد رکھنے والی خاتون تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے دکھ کی بات ہے کہ لوگ خواتین کو بھی قتل کرتے ہیں۔

اے این پی کے مرحوم صدر اجمل خٹک کے بیٹے نے بہن کو قتل کردیا

رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل پرپی پی سندھ کے سیکریٹری جنرل وقار مہدی نے پارٹی کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ منگل تک سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔


متعلقہ خبریں