کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے 5 افراد جاں بحق، 70 سے زائد متاثر

کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے 5 افراد جاں بحق، 70 سے زائد متاثر

کراچی: کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 70 سے زائد افراد اسپتال داخل کر دیے گئے۔

پولیس کے مطابق زہریلی گیس سے ہونے والی ہلاکتوں اور متاثرین کو سانس لینے میں دشواری پیش آ رہی ہے تاہم حقائق سامنے آنے سے قبل کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

ایس ایس پی سٹی نے کہا ہے کہ زہریلی گیس سے متاثر ہونے والے تمام افراد کا تعلق جیکسن مارکیٹ سے ہے متاثرہ افراد کو نجی اسپتال بھی منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 60 سالہ خاتون معمار بیگم، احسن اور رضوان بھی شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق کیماڑی کی جیٹی پر ایک جہاز پہنچا ہے جس میں مختلف قسم کا کیمیکل موجود ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاید جہاز کو خالی کرنے کے دوران کیمیکل کی بو علاقے میں پھیلی ہے۔

سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی کے مطابق بندرگاہ کے قریبی علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس کا اخراج ہوا جس کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ زہریلی گیس کے حوالے سے کراچی پورٹ اتھارٹی کو حقائق سے آگاہ کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں ملک میں فوری الیکشن کرائے جائیں، جماعت اسلامی پاکستان کا مطالبہ

کیماڑی کے وائس چیئرمین محمد آصف خان نے 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) انتظامیہ اور حکومت سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہو رہے ہیں اور قریبی اسپتال میں آکسیجن موجود نہیں ہے جبکہ اسپتال لائے جانے والے افراد کو سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا کردار مثالی ہے، اقوام متحدہ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے متاثرہ افراد کا بہترین علاج کرنے کا حکم دیا ہے اور ڈاکٹرز کی اسپتال میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

نجی اسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر فہیم نے کہا ہے کہ اسپتال لائے گئے تمام افراد کو سانس لینے میں مشکلات ہو رہی ہیں اور انہیں پیٹ درد کی بھی شکایت ہے۔


متعلقہ خبریں