مراد علی شاہ نے اپنا حلقہ انتخاب بھی تباہ کرکے رکھ دیا ہے، دعا بھٹو

مراد علی شاہ نے اپنا حلقہ انتخاب بھی تباہ کرکے رکھ دیا ہے، دعا بھٹو

سیہون: پاکستان تحریک انصاف کی رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے سندھ کی طرح سید مراد علی شاہ نے اپنے حلقہ انتخاب کو بھی تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کی انتہا ہے کہ معصوم بچی کو پہلے کتے بھنبھوڑیں اور پھر اسے ویکسین تک نہ مل سکے۔

سندھ کے شہری کتوں کے رحم و کرم پر، حکومتی اقدامات تاخیر کا شکار

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات سیہون کے گاؤں کوٹ لاشاری میں متاثرہ والدین اور ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ رکن سندھ اسمبلی نے دس سالہ رحیماں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور بچی کی روح کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

دس سالہ رحیماں کتے کے کاٹے جانے کے بعد چند روز قبل انتقال کرگئی تھی۔ بچی کے والدین اور اہل خانہ کا کہنا تھا کہ وہ تلاش بسیار کے باوجود معصوم بچی کو کتے کے کاٹے جانے کے بعد لگائی جانے والی ویکسین نہیں لگوا سکے تھے کیونکہ وہ انہیں نہیں مل سکی تھی۔

رحیماں کے غمزدہ والدین اپنی معصوم بچی کے انتقال پر سخت افسردہ ہیں۔ ان کے لیے یہ غم ناقابل برداشت ہے کہ وہ اپنی بیٹی کو بوقت ضرورت ایک ویکسین نہیں لگوا سکے جس کی وجہ سے کمسنی ہی میں اسے دنیا چھوڑنی پڑی۔

رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو نے متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہایت دکھ و افسوس اور شدید غم و غصے کی بات ہے کہ پہلے معصوم بچی کو کتوں نے بھنبھوڑا اور پھر متاثرہ بچی کو ویکسین تک نہ ملی۔

کتے کے کاٹنے کی ویکسین نہ ملنے کے باعث دس سالہ بچہ جاں بحق

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں کتا مار مہم کے نام پر اربوں روپے جاری کیے جاتے ہیں اور سارا بجٹ بھی ہڑپ کر لیا جاتا ہے لیکن متاثرین کو بوقت ضرورت ویکسین تک دستیاب نہیں ہوتی ہے۔

ہم نیوز نے بتایا تھا کہ ایچ آئی وی (ایڈز)، بریک ڈاؤن، تھرمیں غذائی قلت سے ہلاکتیں یا ویکسین نہ ملنے سے ہلاکتیں صوبہ سندھ میں ایک عام سی بات بن گئی ہیں۔ صوبے میں صحت کے ہزاروں مسائل ہیں مگر حکومت اقدامات سے زیادہ دعوؤں میں مصروف رہتی ہے۔


متعلقہ خبریں