کراچی: پر اسرار گیس سے6 افراد ہلاک، 100متاثر

کراچی: پراسرار گیس سے متاثرہ دو افراد دم توڑ گئے

فائل فوٹو


کراچی کے علاقے کیماڑی میں پر اسرار زہریلی گیس پھیلنے کے سبب 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد متاثر ہو چکے ہیں جنہیں شہر کے مختلف اسپتالوں میں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل، میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر صوبائی قیادت نے واقعہ پر افسوس کا اظہار اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

پر اسرار گیس سے ہلاک ہونے والوں میں 2 خواتین، 1 بچہ اور 3 مرد شامل ہیں۔ ہلاک شدگان کی شناخت معمار بی بی، یاسمین، رضوان، عظیم اختر، احسن اور رابش کے نام سے ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  پر اسرارگیس سے5 افراد ہلاک، 70 متاثر

صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کے مطابق تا دم تحریر زہریلی گیس پھیلنے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا اور جب تک وجوہات سامنے نہیں آتیں پریشانی رہے گی۔  انہوں نے بتایا کہ زہریلی گیس سے سانس کی بیماری کےمریض زیادہ متاثرہوئے ہیں۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ زہریلی گیس کے سبب متعدد افراد کی ہلاکت اور درجنوں کا بے ہوش ہونا تکلیف دہ صورت حال ہے اور ابھی تک درست وجوہات حاصل نہ ہونا تشویشناک بات ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وجوہات معلوم کرکے ذمہ داری کا تعین ہونا چاہئے۔

ہم نیوز کی اطلاعات کے مطابق نیوی کی ٹیم نے زیر علاج مریضوں کا معائنہ کیا اور خون کے نمونے لیے ہیں جب کہ متاثرین کے رہائشی علاقے سے پانی کے نمونے بھی حاصل کیے ہیں۔

سو سے زائد متاثرہ افراد طبی امداد دینے کے بعد روانہ کردیا گیا جب کہ  متعدد افراد اب بھی ضیا الدین اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جناح، سول اور کتیانہ میمن اسپتال سے تمام افراد کو طبی امداد کی بعد گھر واپس بھیج دیا گیا ہے۔

ضیاالدین میں سو سے زائد، کتیانہ میں 22، جناح میں 8 اور سول اسپتال میں 2 متاثرین کو لایا کیا گیا تھا جب کہ ضیا الدین اسپتال میں وقفے وقفے سے مریضوں کی آمد کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔


متعلقہ خبریں