میڈیکل کالجز کو زائد فیس ایک ماہ میں لوٹانے کا حکم


لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان کے سربراہ چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ میڈیکل کالجززائد وصول کی گئی فیس ایک ماہ کے اندر واپس کریں۔

ہم نیوز کے مطابق نجی میڈیکل کالجز میں فیسوں کی حد اور معیار مقرر کرنے کے لئے ازخود نوٹس کی سماعت ہفتے کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہوئی۔

چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مقدمے کی سماعت کی۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز(یوایچ ایس) اور دیگر فریقین پر مشتمل کمیٹی نے اپنی سفارشات عدالت عظمی کو پیش کیں۔

چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ مقررہ فیس سے زائد وصول کی گئی رقم طالب علم کو لوٹانے پرریڈ کریسنٹ کالج کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ کسی کو اجازت نہیں دوں گا کہ وہ لوگوں کو ہراساں کرے۔ جب میں نے وصولی شروع کی تو ڈاکٹر عاصم کو بھی چارارب دینا پڑیں گے۔

پاکستان بھر کے میڈیکل کالجز کو زائد وصول کردہ فیسوں کی واپسی کے لئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ آٹھ لاکھ پچاس ہزار سے زائد رقم واپس کی جائے۔

چیف جسٹس نے تاکید کی کہ معاملے کے متعلق رپورٹ ایک ماہ کے اندرعدالت عظمی کو فراہم کی جائے۔


متعلقہ خبریں