کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کی جیت امن کا پروانہ ہے، ماہرہ خان

کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کی جیت امن کا پروانہ ہے، ماہرہ خان

اسلام آباد: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کبڈی ورلڈ کپ 2020 میں پاکستان کی فتح کو امن کا پروانہ قرار دے دیا۔

پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کبڈی ورلڈ کپ 2020 کے فائنل میں پاکستان کی جانب سے روایتی حریف بھارت کو دھول چٹانے پر انتہائی پرجوش انداز میں کبڈی ٹیم کو مبارکباد دی۔

ماہرہ خان نے ٹویٹ کی کہ ’بھائی واہ، پاکستان اور کبڈی ٹیم کو بہت بہت مبارک باد‘۔

صدر مملکت عارف علوی نے بھی پاکستان کی کبڈی ٹیم کو عالمی چیمپئن بننے پر مبارکباد پیش کی اور ٹویٹ کی کہ ہمیں یہ فتح خطے اور دنیا میں امن کے نام کرنی چاہیے۔ انہوں ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ آپ نے ہمارے سر فخر سے بلند کردیے ہیں۔

اس ٹویٹ کے جواب میں ماہرہ خان نے لکھا کہ کبڈی ٹیم کی فتح کو امن کے نام کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے کبڈی 2020 کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر کبڈی کا عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کبڈی ورلڈ کپ 2020 فائنل، پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی

دونوں ممالک کے کھلاڑیوں نے بہت زور آزمائی کی تھی تاہم پاکستانی پہلوانوں نے آخرکار بھارتی پہلوانوں کو چاروں شانے چت کر دیا۔

روایتی حریف بھارت کے خلاف اس شاندار فتح اور کبڈی کا عالمی چیمپئن بننے پر کبڈی ٹیم کو ملک بھر کی نامور شخصیات کی جانب سے داد و تحسین پیش کی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں