’امن مشنز میں پاکستانی خواتین کی پہلی بار شمولیت انتہائی خوش آئند ہے‘


اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ امن مشنز میں پہلی بار پاکستانی خواتین کی شمولیت انتہائی خوش آئند ہے۔

نسٹ میں منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئےانتونیو گوتریس نے کہا کہ امن مشنز میں 157 جوانوں  نے شہادت پائی۔ امن مشنز میں حادثات کی شرح کم ہوئی ہے۔ خطرناک علاقوں میں خواتین اہلکارعوام کے اعتماد کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں: مہاجرین کی واپسی تک سرحد پار دہشتگردی روکنا مشکل، وزیراعظم عمران خان

انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہےکہ میں امن مشنز کے جوانوں کا ساتھی ہوں۔ نسٹ میں خطاب میرے لیےفخر ہے۔ آپ امن کیلئے اہم ترین کام کررہے ہیں۔  نسٹ کےطلبا تعلیم کے ساتھ ساتھ  پائیدار ترقی  کیلئے بھی کام  کر رہے ہیں۔ تعلیم کےمیدان میں آپ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ پاکستانی افسران امن مشنز میں فرسٹ کمانڈر کے طور پر کام کررہے ہیں۔ پاکستانی افواج، پولیس اور سویلین کا عزم امن مشنز کیلئے شاندار ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ امن مشنزکو نئے چیلنجز درپیش ہیں۔ نئے چیلنجز امن کے تمام شراکت داروں کے لیے اہم ہیں۔ پاکستان کے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد جوانوں نے امن مشنز کے لیے کام  کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والا دنیا کا بڑا ملک ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

انہوں نے کہا کہ پاکستانی جوانوں نے دوسروں کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پاکستان کے دستے امن کیلئے بہترین کام کررہےہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ تنازعات کے حل کیلئے اقدامات میں مشکلات درپیش ہیں۔ اقوم متحدہ کے قیام کے بعد 1948  سے اب تک 70 سے زائد امن مشنز کام کرچکے ہیں۔ نئی ٹیکنالوجی اورسوشل میڈیانےجنگ کےطریقہ کارکوتبدیل کیا ہے۔

خیال رہے کہ  اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس چار روزہ دورے پر آج کل پاکستان میں ہیں۔ پاکستان میں قیام دوران اب تک وہ حکام بالا سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ اہم اجلاسوں میں بھی شرکت کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں