’شاہد خاقان عباسی کو اپوزیشن لیڈر نہیں بنایا جارہا‘

ہمارے اراکین کو ووٹ بدلنے کے لیے کہا گیا ہے، شاہد خاقان عباسی

لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) کے سینئر رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو قومی اسمبلی میں پارٹی کی طرف سے قائد حزب اختلاف نہیں بنایا جارہا ہے۔

مرید کے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما اور چئیرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی رانا تنویر نے کہا کہ پارٹی صدر شہباز شریف جلد پاکستان آرہے ہیں اور وہ ہی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رہیں گے۔

کچھ عرصے سے میڈیا میں خبریں گردش کررہی تھیں کہ ن لیگ کی طرف سے شہباز شریف کی صحت خراب ہونے کی وجہ سے شاہد خاقان عباسی کو پارٹی کی طرف سے اپوزیشن بنایا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کو وطن روانگی کے لیے ڈاکٹروں کی اجازت درکار

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر نے کہا کہ ایسا نہیں سکتا کہ حکومت عوام کو ڈلیور نہ کرے اور پانچ سال پورا کرنے کا خواب دیکھے۔ مارچ میں ایسی ملک گیر تحریک شروع کریں گے کہ حکومت کو گھر جانا ہی پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے ملکی معیشت اور سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے۔ حکومت کو مزید وقت دیا تو بہت نقصان ہو جائے گا۔ ۔

رانا تنویر حسین نے کہا ہے کوئی لندن سازش تیار نہیں ہورہی ہے۔ حکومت اپے غلط فیصلوں کی وجہ سے خود گرے گی۔ کرپشن کے نام پر انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ اور سابق پارٹی رہنما چوہدری نثار علی خان اپنے علاج کیلئے لندن گئے تھے، وہاں پر انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: ن لیگ نے بھی سٹرکوں پر آنے کا فیصلہ کرلیا

رانا تنویر حسین نے کہا کہ بحثیت چئیرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی انہوں نے حکومت سے اسٹیٹ لائف کارپوریشن کے فارغ کیے گئے کارکنوں کے بارے میں حکومت سے رپورٹ طلب کررکھی ہے۔

لیگی رہنما نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم  نواز شریف کی حکومت امریکہ کا کہنا نہ ماننے کی وجہ سے گئی۔ امریکی صدر کہہ چکے ہیں کہ سابقہ حکومت ہمارا کہنا نہیں مانتی تھی اسی لیے امداد بند کردی تھی۔


متعلقہ خبریں