کراچی: زہریلی گیس کیماڑی کے بعد کھارادر اور رنچھوڑ لائن تک پہنچ گئی

کراچی: زہریلی گیس کیماڑی کے بعد کھارادر اور رنچھوڑ لائن تک پہنچ گئی

کراچی: کیماڑی میں پھیلنے والی پراسرار زہریلی گیس اب شہر قائد کے دیگر علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لینا شروع ہوگئی ہے۔

کراچی: پراسرار زہریلی گیس کا دوبارہ اخراج، مریض اسپتال پہنچنا شروع

ہم نیوز نے علاقے سے موصولہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اب کھارادر اور رنچھوڑ لائن میں بھی زہریلی گیس کے اثرات محسوس ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں سے اسپتالوں کو پہنچنے والے دو افراد نے گزشتہ روز دم توڑ دیا جب کہ اس سے ایک دن قبل پانچ افراد نے دنیائے فانی سے منہ موڑا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق پیر کے دن دم توڑ جانے والے افراد کے نام عمران اور یوسف معلوم ہوئے ہیں جن میں سے عمران کی عمر40 اور یوسف کی 50 سال بتائی جاتی ہے۔

اسپتال کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق عمران کو شدید تشویشناک حالت میں برہانی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جب کہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی جان کی بازی ہار چکا تھا۔

یوسف کو انتہائی تشویشناک حالت میں ضیا الدین اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹر اس کی بھی جان بچانے میں کامیاب نہیں ہوئے اور وہ بھی اپنے پیاروں کو روتا و بلکتا چھوڑ گیا۔

ہم نیوز کے مطابق کیماڑی اور اس کے اطراف کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لینے والی زہریلی گیس نے اب شہر کے دیگر علاقوں کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جان لیوا زہریلے کیمیکل سے آلودہ ہوا کیماڑی سے نکل کر کھارادراور رنچھوڑ لائن تک جاپہنچی ہے۔

اسپتال ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ زہریلے کیمیکل سے آلودہ ہوا کے سبب مزید 86 افراد مختلف اسپتالوں میں داخل کیے گئے ہیں۔ پیر کے دن ضیا الدین اسپتال لائے جانے والے متاثرین کی تعداد 70 سے زائد بتائی جارہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق جناح اسپتال میں دس اور سول اسپتال میں چھ متاثرین منتقل کئے گئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی کل تعداد 220 تک پہنچ چکی ہے۔

کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے 5 افراد جاں بحق، 70 سے زائد متاثر

ہم نیوز کو ملنے والے اعداد و شمار کے مطابق صرف ضیا الدین اسپتال لائے جانے والے متاثرین کی مجموعی تعداد 170 سے تجاوز کرچکی ہے جب کتیانہ میمن اسپتال میں 22، جناح اسپتال میں 18 اور سول اسپتال میں آٹھ متاثرین کو داخل کیا گیا ہے۔

شہر قائد کے اسپتالوں نے تصدیق کی ہے کہ وقفے وقفے سے مزید مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔


متعلقہ خبریں