’وزیراعظم کا سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن عوامی ریلیف کیلئے بڑا قدم ہے’

وزیراعظم کی پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت

فوٹو: فائل


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون عوامی ریلیف کے لئے بڑا قدم ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ قومی معیشت کو اربوں کا نقصان پہنچانے والے سمگلروں کی سرکوبی کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، عوام کے دکھوں کا مداوا اور ان کیلئے ریلیف کی فراہمی ہمارا بنیادی نصب العین ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جس سے عوام کو مناسب قیمت پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید پڑھیں:  نیب ٹی ٹی شریف کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات کر رہا ہے، فردوس عاشق

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلوچستان میں بارڈر مارکیٹوں کے قیام کی پیش رفت کو بھی تیز رفتار کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے وسیع پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ وزیراعظم کے قانون پر عمل داری کے پختہ عزم کااظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملکی معیشت کو اربوں روپے کے نقصان سے بچانے کیلئے عملی قدم ہے، کھانے پینے کی چیزوں کی سمگلنگ قیمتوں میں اضافے اور عوامی تکالیف بڑھانے کا باعث بنتی ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی شفاف معیشت کی دشمن اورعوام کا استحصال ہے جس کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لائیں گے، عمران خان نے صوبائی حکومتوں سے گندم کی قیمتوں میں کمی کے لئے تجاویز طلب کی ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان: ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کے خلاف ایمرجنسی کا نفاذ

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ بجلی اور گیس کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کے فیصلوں کے بوجھ پاکستان کے عوام نے اپنی کندھوں پر اٹھائے.

 


متعلقہ خبریں