عمران خان کو چاپلوسوں، چغل خوروں سے دور رہنے کا مشورہ


لاہور: حکومتی اتحادی اور پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ  چاپلوسوں اور چغل خوروں سے دور رہیں۔

لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے ارد گرد منافقین کی نشاندہی کریں اور نزدیک نہ آنے دیں۔ اپنے اندر خود پسندی نہ آنے دیں۔

سربراہ ق لیگ نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو بھی یہی مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے اس کے برعکس کیا۔ اتفاق کی بات یہ ہے کہ اُس وقت نواز شریف کی چاپلوسی کرنے والے آج بھی اقتدار میں شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت کے ساتھ ایک ہی کشتی میں سوار ہیں، رہنما ق لیگ

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ  اللہ تعالیٰ نے عمران خان کی نیک نیتی کی وجہ سے آج انہیں اس منصب تک پہنچایا ہے۔ عمران خان سیاسی ہیرا پھیری نہیں سیکھ گئے۔لوگ کسی کے صحیح اور نیک مشورے کو مخالفت کے زمرے میں پیش کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  سابق صدر پرویز مشرف کو بھی مشورہ دیا تھا کہ طالبان کا لفظ مدرسے کے طالب علم سے جوڑ کراستعمال نہ کریں۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سب سے کہوں گا کہ اپنے ذاتی مفادات کو چھوڑ کر صرف اور صرف ملک و قوم کی خاطر سوچیں گے تو کامیاب رہیں گے۔

مزید پڑھیں: چوہدری سرور نے حکومت اور ق لیگ میں مفاہمت کرائی

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے مجھے مشکل وقت سے نکالا اور مجھے صحت یاب کیا۔ حرم پاک میں پاکستان کی سا لمیت کیلئے خصوصی دعا کی۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق مرکز اور پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ہے۔ گزشتہ ہفتے دونوں پارٹیوں کے سربراہوں کے درمیان ملاقاتوں کے بعد دونوں جماعتوں نے اتحاد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں