کراچی: آٹے کی قیمتیں کم ہوگئیں، سندھ کابینہ کو بریفنگ


کراچی: شہر قائد میں آٹے کی قیمت کم ہو گئی ہے۔ اس وقت مارکیٹ میں فائن آٹا 47 روپے فی کلو گرام اور ڈھائی نمبر آٹا 43 روپے فی کلو گرام میں فروخت ہو رہا ہے۔ اس سے قبل کراچی میں آٹے کی قیمت بڑھ کر 55 اور 56 روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئی تھی۔

کراچی میں دودھ کے بعد آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ،شہری بلبلا اٹھے

ہم نیوز کے مطابق یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت منعقدہ کابینہ اجلاس میں دوران بریفنگ بتائی گئی جس میں گندم کی خریداری سمیت دیگر متعلقہ امور پر غور و خوص کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کو صوبائی سیکریٹری خوراک نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے گندم کی سپورٹ پرائس 1365 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج وفاقی کابینہ سپورٹ پرائس ریوائز کررہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس پر کہا کہ ہم وفاقی حکومت کی جانب سے پرائس فکس ہونے کے بعد اپنی پرائس مقرر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی کاشت اب مہنگا کام ہے اس لیے سپورٹ پرائس بھی اسی حساب سے ہونی چاہیے۔

ملک میں گندم کا بحران: سندھ کے گودام میں 12 ہزار بوریاں سڑ گئیں

ہم نیوز کے مطابق کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی ایک ضلع سے دوسرے ضلع منتقلی کے لیے بیگ پر کوڈ لگایا جائے گا۔ کابینہ نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ  فلور ملز پروکیورمنٹ رزرو سینٹر (پی آر سی) نہیں بنائی جائیں گی۔

صوبائی کابینہ کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت سندھ میں 15.410 ارب روپے مالیت کی 1.4 ملین ٹن گندم خریدی جائے گی۔ صوبائی کابینہ کو بتایا گیا کہ چار لاکھ ٹن گندم پاسکو سے خریدی جا چکی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ پروکیورمنٹ سینٹر کے انچارج کی پوسٹنگ پوری خریداری اور خریدی گئی گندم کی منتقلی تک برقرار رہے گی۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ خریدی گئی گندم کسی بھی قیمت پر خراب نہیں ہونی چاہیے۔

گڑھی خیرو فوڈ گودام سے 88 ہزار گندم کی بوریاں غائب

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ پروکیورمنٹ سینٹرز پر صرف ان افسران کو رکھا جائے جن کے خلاف کوئی کیس نہیں چل رہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی سب کمیٹی باردانے کی تقسیم کا میکنزم بنائے۔

سید مراد علی شاہ نے احکامات دیے کہ ایسا میکنزم بنایا جائے کہ چھوٹے کاشتکاروں کو فائدہ ہو۔


متعلقہ خبریں