’پشاور بی آر ٹی کا اپریل میں افتتاح کردیا جائیگا‘


پشاور: وزیر اطلاعات خیبر پختونخواہ شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی)  ٹرانسپورٹ منصوبے کا اپریل میں افتتاح کردیا جائے گا۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی پر سول ورک اور بلڈنگ ورک 15 فروری کو مکمل ہو چکا ہے۔ بی آر ٹی اپریل میں آپریشنل ہو جائے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بی آر ٹی کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سمیت 32 اسٹیشنز ٹرانس پشاور اتھارٹی  کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ حیات آباد تا چمکنی روزانہ 50 بسیں ریہرسل کررہی ہیں۔ آئی ٹی ایس انسٹالیشن پر کام جاری ہے جو مارچ کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔

مزید پڑھیں: بی آر ٹی منصوبہ: خیبرپختونخوا حکومت نے نئی ڈیڈلائن دیدی

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف آکر ثابت کریں کہ پشاور بی آر ٹی لاہور میٹرو سے مہنگی ہے۔ پشاور بی آر ٹی جدید ترین تھرڈ جنریشن جبکہ لاہور سیکنڈ جنریشن میٹرو ہے۔ پشاور بی آر ٹی فی کلو میٹر  لاہور میٹرو سے سستا ہے۔ پشاور بی آر ٹی چمکنی تا حیات آباد پورے شہر کو کور کرتا ہے۔

وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ لاہور میٹرو اٹھ سال پہلے تقریباً 40 ارب روپے میں شروع کی گئی جبکہ پشاور بی آر ٹی 2020 میں تقریباً 35 ارب روپے میں بن رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے تنقید برداشت کرتے ہوئے دن رات اس کے تکمیل کے لیے کام جاری رکھا ہے۔ اب اپوزیشن کو اس پر تنقید کرنے کے لیے کوئی جواز باقی نہیں رہے گا۔

مزید پڑھیں: بی آر ٹی منصوبہ، ایف آئی اے کو تحقیقات میں مشکلات کا سامنا

خیال رہے کہ 20 جنوری کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد نے کہا  تھا کہ بی آر ٹی منصوبہ رواں سال جون تک مکمل ہوجائے گا۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبہ شروع کرنا ہماری ضرورت تھی اور چیلنج تھا۔ عوام انتظار کررہی ہے کہ منصوبہ کب مکمل ہوگا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ منصوبہ 2021 میں مکمل کرنے کا معاہدہ ہوا ہے لیکن ہم اسے رواں مالی سال کے دوران مکمل کریں گے۔


متعلقہ خبریں