انتظار کی گھڑیاں ختم، پی ایس ایل کا میلہ سجنے کو تیار


اسلام آباد: شائقین کرکٹ کے لیے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کا افتتاحی میچ کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ 

پی ایس ایل فائیو 2020 کی باقاعدہ رنگا رنگ افتتاحی تقریب کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 6 بج کر 45 پر ہوگی، جس میں چمچماتی ٹرافی کپتانوں کو مکھڑا دکھائے گی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور اعلیٰ حکام پانچوں فرنچائز کے کپتانوں، شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد اور ہزاروں سائقین کی موجودگی میں پی ایس ایل فائیو کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو بار کی چمپئن اسلام آباد یونائیٹد کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں رات 9 بجے افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے افتتاحی میچ کے لیے فرسٹ کلاس ٹکٹ کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا ہے اور اڈھائی ہزار والے ٹکٹ کی قیمت کم کر کے 1500 روپے کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں پی ایس ایل کے انعقاد سے معیشت کو بھی فائدہ ہو گا، احسان مانی

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچز کے باقی کیٹیگریز کے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں۔

کراچی میں پی ایس ایل فائیو کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کردیے گئے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے افتتاحی میچ کے لیے صوبائی حکومت اور پولیس نے انتظامات مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک پلان بھی ترتیب دے دیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائیو کے افتتاحی میچ کے ٹکٹ سستے کر دیے گئے 

پاکستان سپر لیگ میگا ایونٹ کے تمام 35 میچز پاکستان کے چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں پانچ فرنچائزز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹد، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز حصہ لے رہی ہیں۔

پی ایس ایل کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جس کی انعامی رقم 10 لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔ فاتح ٹیم کو پانچ لاکھ ڈالر اور رنر اپ ٹیم کو دو لاکھ ڈالر کا انعام ملے گا۔

اسی طرح ہر میچ کے بہترین کھلاڑی ساڑھے چار ہزار ڈالر ملیں گے جبکہ بہترین پرفارمنس دکھانے والے بولرز، بٹسمین اور فیلڈرز کو 80 ہزار ڈالر کے حقدار ٹھیریں گے۔


متعلقہ خبریں