کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بڑا دھچکہ، عمر اکمل پی ایس ایل سے باہر


کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے آغاز سے چند گھنٹوں قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بڑا دھچکہ لگا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے  گلیڈی ایٹر کے مڈل آرڈر جارح مزاج بلے بازعمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت معطل کر دیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کوعمر اکمل کے متبادل کے طور پر دوسرا کھلاڑی رکھنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: عمراکمل کو فکسنگ کی پیشکش کا انکشاف

ذرائع نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ عمر اکمل انکوائری مکمل ہونے تک کسی بھی طرز کی کرکٹ نہیں کھیل سکتے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فی الحال عمر اکمل کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں لہٰذا بورڈ اس معاملے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل عمراکمل کوڈ آف کنڈکٹ کے ایک کیس میں بری ہوئے جب بورڈ نے معاملے کو ایک غلط فہمی قرار دے کر ختم کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں