وزیراعطم عمران خان کا چینی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ


اسلام آباد: وزیراعطم عمران خان نے چینی صدر شی جنگ پنگ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے کورونا وائرس پر چینی عوام اور قیادت سے اظہار یکجہتی کیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے چینی صدر سے کورونا وائرس سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ وزیراعظم نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چینی اقدامات کی تعریف کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی عوام اور حکومت چین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چین کے ساتھ ہیں۔

مزید پڑھیں: چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کا معاملہ، والدین کا حکومت کو الٹی میٹم

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بروقت اور موثر چینی اقدامات کو دنیا بھر نے سراہا ہے۔

دوران گفتگو وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹرز پر مشتمل فیلڈ اسپتال چین بھیجنے کی پیشکش کردی۔

اس موقع پر چینی صدر شی جنگ پنگ نے کہا کہ چین میں مقیم پاکستانی طلبا کا اپنے بچوں کی طرح خیال رکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین میں مقیم پاکستانی طلبا کی حفاظت اور تندرستی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

چینی صدر نے کہا کہ پاک چین اقصادی شراکت داری کو نئی سطح پر لے کر جائیں گے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی، ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی

خیال رہے کہ گزشتہ روز چین میں پھنسے پاکستانی طلباء کے والدین نے اپنے بچوں کی بحفاظت واپسی کے لیے حکومت کو تین دن کا الٹی میٹم دے دیا تھا۔

او پی ایف بوائز کالج میں رکھی گئی بریفنگ کے دوران ووہان میں پھنسے طلبا کے والدین نے بریفنگ کے دوران معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے سمندر پار  پاکستانیز ذولفقار علی بخاری کے سامنےشدید احتجاج کیا تھا۔

والدین نے بریفنگ لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں ہر صورت اپنے بچے چاہیے۔ اگر ہمارے بچے واپس نہ آئے تو وزارتوں کے سامنے احتجاج کریں گے۔ ہمارا حکومت سے کوئی مطالبہ نہیں ہے۔ بس ہمارے بچوں کو واپس لاکر دیا جائے۔

انہوں نے حکومتی اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ لوگ یہاں اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر ہی اکٹھے ہوئے ہیں۔ ہم چیف جسٹس اطہرمن اللہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماری بات سنی۔ آپ لوگ یہ لوگ ہمیں سوائے تسلی دینے کے کچھ نہیں کر سکتے۔


متعلقہ خبریں