امریکہ نے انڈو چائنا پالیسی میں چین کو دشمن قرار دیا ہے، چینی سفیر

امریکہ نے انڈو چائنا پالیسی میں چین کو دشمن قرار دیا ہے، چینی سفیر

اسلام آباد: چین کے سفیر یاؤ جنگ نے امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کو اہم پاکستانی سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جے یو آئی اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے کیونکہ کورونا وائرس کے خلاف کئی چیلنجوں کو سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر صورتحال لمحہ بہ لمحہ تبدیل ہو رہی ہے۔

آئیے! پاک چین دوستی پر عالمی پراپگنڈے کے خلاف مل کر کام کریں، چینی سفیر

ہم نیوز کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے تصدیق کی کہ مولانا فضل الرحمان نے سفارتخانے میں ملاقات کی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ ان کی آمد کا بنیادی مقصد کورونا وائرس پر چین کی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کرنا تھا۔

چین کے سفیر نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کو چین میں تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کررہے ہیں اوران کا ہر طرح سے خیال رکھا جارہا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ مشکل وقت میں چین کا بھرپورساتھ دینے اور حمایت کرنے پہ پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق چین کے سفیر نے کہا کہ امریکہ نے انڈو چائنا پالیسی میں چین کو دشمن اور علاقائی تذویراتی حریف قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی یہ سوچ حقائق کے بالکل منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ کو چیلنج نہیں کرتے ہیں لیکن دنیا میں ایک باعزت مقام ضرور چاہتے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکہ اور مغرب، دہشت گردوں کو چین مخالف پروپگنڈا کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد دنیا کے مختلف ممالک میں پائے جاتے ہیں، خود پاکستان بھی ان کا شکار رہا ہے۔ انہوں ںے واضح کیا کہ سنکیانگ میں موجود مٹھی بھر دہشت گردوں کا مذہب سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔

یاؤ جنگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدرت نے پاکستان اورچین کو اکھٹا رکھا ہے اور ہم ہر محاذ پر بھی متحد رہے ہیں۔ انہوں ںے واضح کیا کہ پاکستان سے دوستی ہماری پالیسی کا حصہ ہے اور ہم ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بھی کرتے ہیں۔

کسی ملک کے شہریوں کو واپس نہیں بھیج رہے، چینی سفیر

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین بطور شراکت دار اکٹھے ہیں اور دونوں کا مشترکہ مقصد اقوام کی تعمیر و ترقی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اقتصادی، سماجی ترقی، خوشحالی اور علاقائی امن کے لیے اکٹھے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ پاکستان اور چین کا یہی تعلق قدرتی طور پر دیگر ممالک کی توجہ کا مرکزبھی ہے۔

چین کے سفیر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ عالمی برادری میں پاکستان، چین کا نمبر ایک دوست ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد انتہائی مضبوط بنیادوں پہ استوار ہے۔

ہم نیوز کے مطابق چین کے سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گوادر میں بجلی کا پاور پلانٹ لگانے کے لیے تین مختلف وزرائے اعلیٰ سے ملاقاتیں کیں اور اڑھائی برس انتظار کے بعد گزشتہ سال پاور پلانٹ لگانے کا این او سی ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاور پلانٹ چینی حکومت کی گرانٹ سے تیار کیا جا رہا ہے۔

چین کے سفیر کا کہنا تھا کہ خنجراب کے راستے ریلوے لائن فی الحال قابل عمل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک میں موٹرویز بہتری اور گوادر بندرگاہ کی تعمیر سمیت 16 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جب کہ آئندہ مرحلے میں مختلف شعبہ جات میں نئے منصوبے مشاورت سے شروع کیے جائیں گے۔

چین کے سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ نئے مرحلے میں مین لائن ون طویل المدتی ریلوے منصوبہ شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے سے ریلوے ٹریک بہترہو گا اور رفتار بھی بڑھ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے آئندہ مرحلے میں توانائی کی پیداوار کے نئے منصوبے شامل ہیں۔

سی پیک، 13 ارب ڈالر کے کمرشل قرضے پاکستان نے ادا نہیں کرنے، چینی سفیر

ہم نیوز کے مطابق یاؤ جنگ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سمجھتے ہیں کہ ان منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری بھی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے حوالے سے بھی وزیراعظم بہتری کے خواہش مند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں صنعتی تعاون کے فروغ کو مزید توسیع دی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں