پی ایس ایل افتتاحی تقریب: کس فنکار نے کیا کہا؟

پی ایس ایل افتتاحی تقریب: کس فنکار نے کیا کہا؟

گزشتہ شام نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کی رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ناصرف عوام بلکہ شوبز شخصیات کی بڑی تعداد بھی یہ تقریب دیکھنے کرکٹ اسٹیڈیم پہنچی اور پی ایس ایل کی چھتری تلے تمام میچز پاکستان میں منعقد ہونے پر خوشی اور جذبے کا اظہار کیا۔

شوبز سے جڑی کچھ شخصیات ایسی بھی ہیں جو اسٹیڈیم تو نہیں جا سکیں تاہم سوشل میڈیا کے ذریعے انہوں نے اپنے جذبات مداحین سے شیئر کیے۔

اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ اس سے بہتر کچھ نہیں ہے کہ کرکٹ آپ کے ملک میں کھیل جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے پاکستان زندہ باد اور پی ایس ایل پاکستان میں کے ہیش ٹیگز بھی دیے۔

ہمایوں سعید نے لکھا کہ آج کا دن پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے تو آئیں مل کر اس جشن منائیں، انہوں نے تمام ٹیمز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تاہم کراچی کنگز کو اس بار ٹرافی جیتنے کی تلقین بھی کی۔

مہوش حیات نے پی ایس ایل کے پانچویں سیزن کی افتتاحی تقریب سے براہ راست لطف اندوز ہونے کے لیے کراچی اسٹیڈیم کا رخ کیا، انہوں اسٹیڈیم سے ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ بین الاقوامی کرکٹرز کو پاکستان میں کھیلتا دیکھ کر بہت اچھا محسوس کر رہی ہوں۔ کرکٹ پاکستان لوٹ آئی ہے۔

عدنان صدیقی بھی گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم میں موجود تھے، انہوں نے اپنی تصویر شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ مبارک ہو، بین الاقوامی کرکٹ پاکستان لوٹ کر آ گئی۔

اداکارہ ماورا حسین نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کتنی خوشی کی بات ہے کہ اس بار پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہو رہے ہیں، میری بھرپور کوشش ہو گی کہ زیادہ سے زیادہ میچ اسٹیڈیم جا کے دیکھ سکوں۔


متعلقہ خبریں