حکومت کا کندیاں جنگل بحال کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت نے میانوالی کے قریب 10 ہزار ایکٹر پر مشتمل ختم ہوتے ہوئے کندیاں کے جنگل کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان 23 فروری کو پودا لگا کر کندیاں کے سب سے بڑے جنگل بحال کرنے کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کندیاں کے جنگل میں پانچ ہزار ایکٹر رقبے پر نئے پودے لگائے جائیں گے۔ باقی پانچ ہزار ایکٹر رقبے پر پہلے سے موجود جنگل کو محفوظ بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والا دنیا کا بڑا ملک ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

مشیر موسمیاتی تبدیلی کا کہنا تھا کہ جنگل میں مقامی بیری کے درخت لگا کر قیمتی ترین شہد بھی حاصل کیا جائے گا۔ کندیاں کے جنگل میں موجود نایاب جنگلی حیات کو بھی محفوظ بنایا جائے گا۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ کندیاں کے جنگل میں پھل دار، سایہ دار اور کروڑوں ماحول دوست درخت لگائے جائیں گے۔ علاقے بھر میں نرسریاں کھلنے سے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

مشیر موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ کندیاں کا جنگل وزیر اعظم کو پسند ہے اور وہ اپنی تقریروں میں اسی جنگل کا ذکر کرتے رہتے ہیں۔ جنگل آباد ہونے سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ 50 ہزار نوکریاں بھی پیدا ہوں گی۔

مزید پڑھین: ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق پالیسیوں پر نظرثانی کی سفارش

گزشتہ سال مارچ میں وزیراعظم عمران خان نے بلین ٹری منصوبے کی کامیابی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی وجہ سے خیبرپختونخوا کے جنگلات میں چار فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی اور نجی شعبے کی کوششوں سے بلین ٹری سونامی منصوبے کو مثالی کامیابی ملی۔ اس کامیابی نے ہمیں 10 ارب درخت لگانے کا حوصلہ دیا ہے۔

خیال رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف کی حکومت نے ملک بھر میں ملک بھر میں دس ارب درخت لگانے کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں