ڈیرن سیمی 23 مارچ کو پاکستان کے اعزازی شہری بن جائیں گے


ویسٹ انڈین کرکٹر اور پشاور زلمی کےکپتان ڈیرن سیمی کو 23 مارچ کو پاکستان کی اعزازی شہریت اور ملک کا اعلیٰ ترین اعزاز دیے جائیں گے۔

صدر پاکستان عارف علوی پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دینے پر 23 مارچ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو اعزازی طور پر پاکستانی شہریت اور اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ سے نوازیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرن سیمی کی زلمی کے فین بچے سے ملاقات

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دیے گئے ایک پیغام کے ذریعے اس خبر کی تصدیق کی ہے اور لکھا ہے کہ ڈیرن  سیمی کی کرکٹ کے فروغ کیلئے قابل قدر خدمات کے اعتراف میں 23 مارچ کو صدر عارف علوی ڈیرن سیمی کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نوازیں گے اور ساتھ ہی انہیں پاکستانی شہریت بھی دیں گے۔

خیال رہے کہ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اپنی ٹیم کے کپتان ڈیرین سیمی کو پاکستانی شہریت دیے جانے کی درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے ڈیرن سیمی کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پاکستان کی اعزازی شہریت دی جائے۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی دنیا کے ان چند کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو سب سے پہلے پاکستان آنے پر راضی ہوئے تھے اور پاکستان کو کھیلوں کے لیے ایک محفوظ ملک قرار دینے کی مہم میں سب سے زیادہ حصہ ڈالا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرن سیمی کی مزار قائد پر حاضری، ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ

ڈیرن سیمی کھیلنے کے منفرد انداز اور گھلنے ملنے والی عادت کی وجہ سے شروع سے ہی کرکٹ شائقین میں بہت مقبول ہیں اور شروع سے ہی سیمی کی پشاور زلمی سے وابستگی نے بھی ان کی مقبولیت میں اضافیہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں