شاہ محمود قریشی کا موٹر سائیکل پر اپنے حلقے کا دورہ


ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 156 کا موٹر سائیکل پر دورہ کیا اور لوگوں کے مسائل سنے۔

شاہ محمود قریشی اپنے حلقہ انتخاب این اے 156 کی گلیوں میں گھومتے رہے، لوگوں سے ان کے مسائل پوچھے اور اہل حلقہ کو مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب حکومت کی جانب سے اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کام کروانے کے لیے فنڈز کا اجراء کردیا گیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے کے ارکان قومی اسمبلی کے حلقوں کے لیے مجموعی طور پر 12 ارب 15 کروڑ روپے کا اجرا کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے قومی اراکین اسمبلی کے حلقوں میں مجموعی طور 6 ہزار سے زائد اسکیمیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: جنوبی پنجاب کیلئے 35فیصد ترقیاتی فنڈز مختص کئے، عثمان بزدار

تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان اور گجرات کے اراکان قومی اسمبلی کے لیے 45، 45 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

اسی طرح منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے اراکین  قومی اسمبلی کے حلقوں کے لیے پندرہ کروڑ روپے اورلاہور کے چار قومی ارکان اسمبلی کے لیے 1 ارب روپے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملتان سے وابستہ ارکان قومی اسمبلی کے حلقوں کے لیے 90 کروڑ روپے اور سرگودھا کے ارکین کے لیے 30 کروڑ جاری کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: جہانگیر ترین نے جی ڈی اے کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی کرادی

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق خوشاب سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کے لیے 30 کروڑ اور بھکر سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی کے حلقے کے لیے بھی 30 کروڑ روپے کا اجرا کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گجرانوالہ، اوکاڑہ ، پاکپتن اور ناروال اضلاع کے لیے فنڈز کا اجرا نہیں کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بہاولپور، لیہ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، راولپنڈی، وہاڑی اور ساہیوال اضلاع کے لیے بھی فنڈز کا اجرا نہیں کیا گیا ہے ۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ صوبائی اسمبلی کے اراکین نے ترقیاتی فنڈز قومی اسمبلی کے اراکین کو دینے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی اراکین اسمبلی پنجاب حکومت سے فنڈز کے اجراء کا مطالبہ کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں