وزیراعلیٰ پنجاب نے یونیورسٹی آف مظفر گڑھ کے قیام کا اعلان کردیا


لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج مظفر گڑھ کا طوفانی دورہ کیا اور ضلع کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے متعدد منصوبے شروع کرنے اور یونیورسٹی آف مظفر گڑھ  کے قیام اعلان کیا۔

دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فلاح عامہ کے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا اورسنگ بنیاد بھی رکھا۔

وزیراعلیٰ نے مظفر گڑھ کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے یونیورسٹی آف مظفر گڑھ کے قیام کی اصولی منظوری دے دی اور علی پور مظفرگڑھ دو رویہ سڑک کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مظفرگڑھ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال مظفرگڑھ کا دورہ کیااور گائنی وارڈ و لیبر روم کے تعمیر نو کے منصوبے کا افتتاح کیا۔

مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کا اہم عہدوں پر غیر متعلقہ افسران کی تعیناتی کا نوٹس

مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ مظفرگڑھ  کے عوام کی خوشحالی کیلئے 19 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج پر کام جاری ہے۔چوک سرور شہید کو مظفرگڑھ کی پانچویں تحصیل کا درجہ دیا جائیگا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گائنی وارڈ کا دورہ کیا اور وارڈ میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور مریضوں سے طبی سہولتوں اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ آپ کو کوئی مسئلہ ہے تو بتائیں میں حل کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت صحت کے شعبہ میں انقلابی اصلاحات لارہی ہے۔ مظفرگڑھ میں صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ صحت کی سہولتوں کو خوب سے خوب تر بنانے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے۔ دور دراز علاقوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کی بہتری کا مشن آگے بڑھا رہا ہوں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مظفرگڑھ میں قصر بہبود کا افتتاح کیا۔  ڈریس میک مرکز،بیوٹیشن ٹریننگ سینٹر،آرٹ اینڈ گرافس اورکمپیوٹر مرکز کا دورہ کیااور تربیت حاصل کرنیوالی خواتین سے ان کے مسائل دریافت کیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے کے تمام طبقات کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ آپ کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ قصر بہبود میں خواتین کو 8 مختلف فنون میں بلامعاوضہ تربیت دی جا رہی ہے اوراس منصوبے پر تقریباً 6 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔

مزید پڑھیں: ’احساس پروگرام وزیراعظم کے قابل قدر ویژن کا عکاس ہے‘

انہوں نے کہا کہ خواتین کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت مہیا کی جائے گی۔آپ کو دی جانے والی سہولتوں کو مزید بہتر بنائیں گے۔

عثمان بزدار نے شاہ جمال اورخان گڑھ میں دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن اورکوٹ ادو اورجتوئی میں ریسکیو 1122 کے قیام کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جتوئی تا ستھاری روڈ کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ سڑک 8 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی۔

خواتین نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا کہ کوئی وزیر اعلیٰ یہاں نہیں آیا، آپ کی آمد سے ہمیں بہت حوصلہ ملا ہے۔ آپ نے ہمارے مسائل سنے جس پر آپ کی شکرگزار ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مظفرگڑھ میں ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم اپنی نوعیت کے پہلے سہولت سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس اسٹیشن صدر مظفر گڑھ کا اچانک دورہ کیا اور ملزم کی درخواست پر انکوائری کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے سہولت سینٹر میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سہولت سینٹر میں عوام کو مختلف سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینٹر میں ڈومیسائل، تصدیق شدہ دستاویزات، اسلحہ لائسنس، نئے پٹرول پمپس کیلئے این او سی، بنیوولنٹ فنڈ، روٹ پرمٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔عوام کو سہولتوں کی فراہمی میں یہ سینٹر اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کیس بلاجواز زیر التوا نہیں رہنا چاہیئے۔عوام کے مسائل فوری طورپر حل کئے جائیں۔


متعلقہ خبریں