ایران میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ، پاکستان نے زائرین کے جانے پر پابندی لگادی

ایران میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ، پاکستان نے زائرین کے جانے پر پابندی لگادی

فائل فوٹو


کوئٹہ: ایران میں کورونا وائرس کے بڑھتے مریضوں کے باعث پاکستان نے زائرین اور دیگر مسافروں کو ہمسائیہ ملک جانے سے روک دیا ہے اور سرحدی علاقوں میں طبی ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کا آغاز کر دیا ہے۔

محکمہ صحت کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تفتان میں ایمرجنسی سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ تفتان کی سرحد پر پہلے سے دو ڈاکٹر تعینات ہیں جبکہ مزید سات ڈاکٹر آٹھ تھرمل گنز کے ساتھ یہاں پہنچ گۓ ہیں جو ایران سے آنے والے زائرین اور دیگر مسافروں کی سکریننگ کریں گے۔

اسی طرح ایران کے ساتھ آمد و رفت کے دیگر پانچ راستوں پر بھی مکمل احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، اسلام آباد سے این آئی ایچ کی ٹیمیں بھی تفتان پہنچ رہی ہیں جو طبی عملے کو تربیت بھی دینگی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس پر قابو پانے کے امکانات کم ہو رہے ہیں، عالمی ادارہ صحت

محکمہ صحت پی ڈی ایم اے کی معاونت سے تفتان میں 100بیڈ پر مشتمل خیمہ اسپتال بھی قائم کر رہا ہے اور موبائل دفتر قائم کر دیا گیا ہے جبکہ ضرورت کے مطابق مزید طبی عملہ اور طبی آلات بھی بھجوائے جا ئیں گے۔

محکمہ صحت کی جانب سے جنوری 2020 سے ابتک واپس آنے والے زائیرین سے کہا گیا ہے کہ وہ کھانسی اور بخار کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال میں اپنا طبی معائنہ کرائیں۔

وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلئ بلوچستان جام کمال کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں ایران میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی اطلاعات کے تناظر میں تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے تمام اقدامات کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ اوراحتیاطی تدابیر کے لیۓ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ضلعی صحت افسران کو تمام احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی، ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ خصوصی طبی ٹیمیں تفتان اور دیگر حساس علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں اور ایران سے منسلک اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

۔وزیر اعلئ کی کورونا وائرس سے متعلق امور پر وفاقی مشیر صحت ڈاکٹر ظفر اللہ سے بھی فون پر بات چیت ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتان میں موجود ایران جانے والے 100 مسافروں کو بھی کوئٹہ واپس بلا لیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں