ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

فائل فوٹو


کوالا لمپور: ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ ملائیشیا کے بادشاہ کو جمع کرادیا ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم دفتر کے عملے کے ایک فرد نے نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر بتایا کہ اس معاملے پر جلد ہی ایک باضابطہ بیان جاری کیا جائے گا۔

مہاتیر محمد19 مئی 2018 میں وزیراعظم بنے تھے اور مستعفی ہونے سے چند روز قبل ہی انہوں نے کہا کہ وہ نومبر 2020 میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون اجلاس کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کا مستعفی ہونے کا اعلان

ملائیشیا کی پاکاتان ہراپان جماعت 2018 کو برسراقتدار آئی تھی اور مہاتیرمحمد9 مئی 2018 میں اقتدار پر فائز ہوئے تھے۔ اس وقت اتحادیوں میں طے پایا تھا کہ مہاتیر محمد وزیراعظم کا عہدہ72 سالہ انوار ابراہیم کو سونپیں گے تاہم تاریخ اور مدت کا تعین نہیں کیا گیا تھا۔

ملائیشیا میں اس وقت حکمران جماعت پاکاتان ہراپان کی صدارتی کونسل کا اجلاس جمعہ 21 فروری 2020 کو ہوا تھا جس میں مہاتیرمحمد کے عہدے کی منتقلی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

مذکورہ اجلاس سے ایک روز قبل مہاتیرمحمد نے کہا تھا کہ صدارتی کونسل جو بھی فیصلہ کرے وہ ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون اجلاس کے بعد ہی مستعفی ہوں گے۔

مہاتیرمحمد ماضی میں باریسن نیشنل جماعت کی جانب سے تین بار وزیراعظم منتخب ہوئے تھے تاہم گزشتہ انتخابات میں انہوں نے اپنی سابقہ جماعت کے خلاف انتخاب لڑا تھا۔

ملائیشیا کے گزشتہ عام انتخابات میں مہاتیرمحمد اور ان کے اتحادیوں نے برسراقتدار پارٹی کو 60 سال بعد شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔

ملائشین الیکشن کمیشن کے مطابق جیت کے لیے 112 نشستیں درکار تھیں جب کہ مہاتیر محمد اور اتحادی جماعتیں 115نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

 


متعلقہ خبریں