کوئٹہ: گیس ٹینکر دھماکے میں چھ افراد جاں بحق


کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر گیس ٹینکر دھماکے کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مغربی بائی پاس پر رات گئے گودام میں کھڑے ایل پی جی ٹینکر میں دھماکے سے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔

اندھیرا اور گیس زیادہ ہونے کے باعث گودام میں کھڑے ٹینکر میں امدادی کارروائیوں کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ریسکیو آپریشن کے دوران دو ریسکیو اہلکاروں کی  حالت غیر ہوگئی۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: گیس لیکِج کے باعث دھماکہ، دو بچے جاں بحق

تین افراد گودام میں موجود ہونے کے باعث آگ میں جھلس گئے جبکہ تین افراد ٹینکر میں سوار تھے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ لاشوں کو بی ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق گودام اور ایل پی جی کے ٹینکر میں موجود چھالیوں کے تھیلے دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ٹینکر میں اسمگلنگ کی جارہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ :مشرقی بائی پاس پر میڈیکل اسٹور کے سامنے دھماکہ ،2 افرادجاں بحق،13زخمی

پولیس نے گودام سے بڑی مقدار میں چھالیہ برآمد کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

اس سے قبل تین فروری کو صوبائی دارالحکومت میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق اور ایک خاتون سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے تھے۔

دھماکے کے بعد ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ گیس کے کم پریشر کی وجہ سے رات کو کمرے میں گیس بھرگئی، صبح جب ہیٹر جلانے کی کوشش کی گئی تو دھماکہ ہوگیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کوئٹہ میں گیس پریشر کی کمی کے باعث ماہ جنوری میں 13 دھماکے ہوئے ہیں جس میں 27 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں