حج درخواستوں کی وصولی کی نئی تاریخ کا اعلان

رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 افراد حج پر جائیں گے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزارت مذہبی امور نے حج 2020 کے لیے حج کے خواہشمند افراد سے درخواستوں کی وصولی کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کردیا  ہے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق حج درخواست فارم 25 فروری سے 6 مارچ تک وصول و جمع کروائے جاسکتے ہیں، جس کے حوالے سے تمام مجاز بینکوں اطلاع کردی گئی ہے۔

جاری سرکلر کے مطابق 25 فروری بروز منگل سے درخواستوں کی وصولی کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔  درخواستوں کی وصولیاں بغیر کسی تعطیل 6 مارچ تک جاری رہیں گیں۔

مزید پڑھیں: وفاقی وزارت مذہبی امور نے بینکوں کو حج درخواستوں کی وصولی سے روک دیا

وزارت مذہبی امور کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو بھی حج فارم وصول کیے جائیں گے۔ حج درخواست فارم کو کمیوٹرائزڈ اور آسان بنایا گیا ہے۔

سرکلر کے مطابق حج درخواست فارم سے حلف نامہ ختم نہیں کیا گیا۔ کمپیوٹرائزڈ فارمز پر حلف نامہ موجود ہے جہاں درخواست گزار دستخط کرے گا۔

خیال رہے کہ وفاقی کابینہ سے عدم منظوری کے باعث حج درخواستیں وصول کرنے کی پہلی تاریخ میں التوا کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سال 20 جنوری کو سعودی حکومت نے 2020 کے لیے عازمین حج پر 410 ریال کی اضافی فیس لاگو کردی تھی۔

مزید  پڑھیں: حج گزشتہ سال کی نسبت امسال 20 سے 25 ہزار روپے مہنگا ہوگا، وفاقی وزیر

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج فیس میں اضافے کے بعد پاکستانی عازمین حج کو 300 ریال ویزہ فیس ادا کرنا ہوگی۔ ویزہ فیس کیساتھ 110 ریال انشورنس کی مد میں ادا کرنا ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی عازمین کو ویزہ اور انشورنس کی مد میں 16 ہزار سے زائد کی رقم اضافی ادا کرنا ہوگی۔ وزارت مذہبی امور نے یہ فیس و انشورنس کا اضافہ رواں سال حج پیکج میں شامل کردیا ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے سعودی حکام سے ویزہ فیس اور انشورنس ختم کرنے مطالبہ کردیا  تھا، لیکن سعودی حکومت نے وزارت مذہبی امور کی درخواست مسترد کردی ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں