ٹرمپ کا دورہ بھارت: ’پاکستان سے بہت اچھے تعلقات ہیں‘


احمد آباد:  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہمارے پاکستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں، جن کے مزید بہتر ہونے کے آثار نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔

بھارت کے شہر احمد آباد کے اسٹیڈیم میں وزیراعظم نریندر مودی، دیگر اعلیٰ حکام اور ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں امریکی صدر نے پاکستان سے اچھے تعلقات کا برملا اظہار کیا اور ان تعلقات کے مزید بہتر ہونے کا بھی اشارہ بھی دے دیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ سے بھارت کا وفادار دوست رہا ہے۔ جوں جوں ہم اپنے دفاعی تعلقات میں بہتری لارہے ہیں امریکہ بھارت کو پورے کرہ ارض پر سب سے زیادہ خوفناک دفاعی ساز و سامان فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیں: امریکی کانگریس کے رکن  نے مقبوضہ کشمیر کے دورے کیلئے ٹرمپ سے مدد مانگ لی

امریکی صدر نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارے ملک کی بڑی عزت آفزائی کی ہے۔ ہم اسے ہمیشہ کے لیے یاد کریں گے۔ آج کے بعد بھارت کے لیے ہمارے دلوں میں خاص مقام ہوگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کل بھارت کے ساتھ 3 بلین ڈالرز کے دفاعی معاہدوں پر دستخط کرے گا جس میں 24 کے قریب جدید فوجی ہیلی کاپٹرز کی خریداری بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو لازمی طور پر بھارت کا سب سے بڑا دفاعی شراکت دار ہونا چاہیے۔ اس سے پہلے بھارت روس سے دفاعی سازوسامان لیتا رہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کی ترقی اور جمہوریت کی تعریف کرتے ہوئے اور نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ نے اسے ایک روادار ملک بنادیا ہے۔ آپ نے ایک آزاد اور عظیم ملک کے کی حیثیت سے یہ کام انجام دیا ہے‘‘۔

مزید پڑھیں: عمران، مودی چاہیں گے تو کشمیر پر ثالثی ہوگی، ٹرمپ

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل امریکی صدر کا طیارہ احمد آباد ایئرپورٹ پر اترا جہاں نریندر مودی نے ان کا استقبال کیا۔

احمد آباد پہنچنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ہمراہ مویٹرا اسٹیڈیم پہنچ گئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ خاتون اول میلانیا ٹرمپ، بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر بھی موجود تھے۔

 


متعلقہ خبریں